ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اے سی ٹی کومیٹس کو پاکستان کے ہاتھوں شکست
ڈارون 17 اگست ۔پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اے سی ٹی کومیٹس کو 91 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ کی نمایاں بات محمد عرفان خان کی سنچری اور اسپنرز کی عمدہ کارکردگی تھی جن میں لیگ اسپنر عارف یعقوب چار وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی چھ میچوں میں پانچویں کامیابی ہے۔اس سے قبل پاکستان شاہینز ، پرتھ اسکارچرز کو17 رنز سے تسمانیہ ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے میلبرن رینیگیڈز کو 4 وکٹوں سے اور بنگلہ دیش اے کو3 وکٹوں سے ہراچکی ہے۔ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔
جواب میں اے سی ٹی کومیٹس 16.1 اوورز میں 111 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان شاہینز کی اننگز میں محمد عرفان خان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر106 رنز اسکور کیے جس میں 14 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔رنز پر 4 وکٹیں گرجانے کے بعد محمد عرفان خان نے حسیب اللہ کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 140 رنز کا اضافہ کیا۔حسیب اللہ نے 49 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔
اے سی ٹی کومیٹس کے بیٹرز پاکستانی اسپنرز کا مقابلہ کرنے سے قاصر رہے۔ عارف یعقوب نے17 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں ۔ عرفات منہاس تین کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے جبکہ مبصرخان نے دو اور فیصل اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کومیٹس کی طرف سے ٹیلر وان لوئن نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے۔
مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز 202 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) محمد عرفان خان 106۔ حسیب اللہ 49 ناٹ آؤٹ ۔ جیکبس 43 / 2 وکٹ۔
اے سی ٹی کومیٹس 111 رنز( 16.1 اوورز ) ٹیلر وان لوئن 29۔ عارف یعقوب 17 / 4 وکٹ ۔عرفات منہاس22 / 3 وکٹ۔ مبصرخان 14 / 2 وکٹ ۔
نتیجہ ۔پاکستان شاہینز نے 91 رنز سے جیتا۔