ویسٹ انڈیز کی افغانستان کی جیت میں 8 نئے ریکارڈز،اوور میں 36 رنزسمیت کئی نئے باب
کرک اگین رپورٹ
ٰImage by Getty Images/cricinfo
ویسٹ انڈیز کی افغانستان کی جیت میں 8 نئے ریکارڈز،اوور میں 36 رنزسمیت کئی نئے باب۔افغانستان ٹی 20 ورلڈکپ سپر 8 میں تو پہنچ گیا ہے اور آخری میچ سے قبل اس کے تینوں میچز نہایت شاندار اور جاندار تھے لیکن اب ویسٹ انڈیز کے خلاف گروپ مرحلے کا عین آخری میچ اس پر بھاری پتھر بن کر گرا ہے۔ناقابل یقین منفی ریکارڈز اپنے خلاف بنوالئے ہیں۔
سب سے پہلے میچ کا خلاصہ
گروپ سی۔ویسٹ انڈیز بمقابلہ افغانستان۔ویسٹ انڈیز کے5 وکٹ پر 218 رنز،افغانستان17 ویں اوور میں 114 اسکور پرڈھیر۔104 رنز کی بڑی شکست۔
اب اس میچ سے میزبان ویسٹ انڈیز کو ناقابل یقین اعتماد ملا ہے۔اسے سپر 8 میں اس کا فائدہ ہوگا۔متعدد نئے ریکارڈز بنے ہیں جو سب کیلئے توجہ کا مرکز بنے ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے افغناستان کے خلاف پاور پلے میں ایک وکٹ پر 92 رنزبنائے جو ٹی 20 ورلڈکپ تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے۔سابقہ ریکارڈ ہالینڈ کا آئرلینڈ کے خلاف 91 رنز ایک وکٹ تھا جو 2014 ٹی 20 ورلڈکپ میں بناتھا۔
افغانستان کے عظمت اللہ عمر زائی نے ایک اوور میں 36 رنز دے دیئے۔ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن نے تو جو کیا سو کیا لیکن افغان بائولر نے یوں مدد کی کہ 10 رنز ایکسٹراز کے دے دیئے۔اس کے ساتھ انہیں 3 چھکے اور 2 چوکے پڑے۔یہ ٹی 20 ورلڈکپ کا مشترکہ ریکارڈ ہے۔2007 کے کپ میں یووراج سنگھ نے انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ کو 6 چھکے لگاکر 36 رنزبٹورے تھے۔ویسے یہ اوور آل ٹی 20 میں 5 واں واقعہ ہے۔
نکولس پورن نے اس اننگ میں 53 بالز پر 98 رنزبنائے۔8 چھکوں کے ساتھ وہ کرس گیل کے 124 چھکوں سے آگے نکل کر 128 چھکوں تک آگئے ہیں۔ورلڈریکارڈ روہت شرما کے پاس 194 چھکوں کا ہے۔
رواں ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کا یہ بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔اس سے قبل امریکا کے ایرون جونز نے کینیڈا کے خلاف 94 رنزکی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔اب پورن کی 98 ہے۔
ویسٹ انڈیز کا رواں ٹی 20 ورلڈکپ کا بڑا اسکور۔5 وکٹ پر 218 رنز۔اس سے قبل آسٹریلیا انگلینڈ کے خلاف اور سری لنکا نیدرلینڈز کے خلاف 201 اسکور کرچکے تھے۔یہ ویسٹ انڈیز کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بھی ہے۔
ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کی 104 رنزکی جیت رنزکے حساب سے دوسری بڑی فتح ہے۔افغانستان کی رنزکے حساب سے دوسری بڑی شکست ہے۔
ویسٹ انڈیز نے لگاتار 8 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز جیت لئے ہیں۔یہ نیا ریکارڈ ہے سابقہ ریکارڈ 7 فتوحات کا تھا۔ورلڈ ٹی 20 کپ میں مسلسل 4 فتوحات بھی پہلی بار ہیں۔سابقہ ریکارڈ 3 فتوحات کا تھا۔نکولس پورن کی کپتانی میں یہ 14 ویں جیت ہے۔