| | |

آئی پی ایل میں کوہلی الیون کی ایک اور اہم جیت،راجستھان اچانک ڈھے گیا

کرک اگین رپورٹ

آئی پی ایل میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں  رائل چیلنجرز بنگلور نے راجستھان رائلز کی امیدیں خاک میں ملادیں،پوائنٹس ٹیبل پر اچھی ریس میں رہنے کے لئے راجستھان کا یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔دبئی میں اس کی ایک نہیں چلی اور ویرات کوہلی الیون نے لوسکورنگ شو میں کامیابی اپنےنام کرلی۔

ناکام ٹیم پہلے کھیل کر9 وکٹ پر 149 تک محدود رہی۔اوپنر ایون لیوس کے 58 رنزکے سوا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔اننگ کی مزیدار بات یہ دیکھیں کہ لیوس اور جیسی وال نے 77رنزکی شراکت فراہم کی ۔ایک موقع پر 100 اسکور ایک وکٹ پر تھا۔9 اوورز کا کھیل باقی تھا،یہاں سے رائل چیلنجرز بنگلور کے بائولرز نے پلٹا کھایا۔اگلی 8 وکٹیں 49 رنزکے اندر اڑادیں اور راجستھان کے بڑے ٹوٹل کی امیدیں خاک میں ملادیں۔ہرشل پٹیل 34رنزکے عوض 3 وکٹ لے کر کامیاب ترین رہے۔

جواب میں کوہلی اور پڈی کل نے اننگ کی شروعات کیں۔دونوں 58 کے مجموعہ تک پویلین جاچکے تھے۔کوہلی یوں بدقسمت رہے کہ 25 رنزبناکر رن آئوٹ ہوئے۔اس کے باوجود ان کی ٹیم رن آئوٹ نہیں ہوئی اور سریکار بھارت کے 44 اور گلین میکسویل  کے ناقابل شکست 50رنزکی مدد سے اس نے ہدف3 وکٹ پر پورا کرلیا۔اننگ کی17 بالیں ابھی باقی تھیں۔

یہ نتیجہ کوہلی الیون کی پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن کو نہایت ہی محفوظ بنا گیا ہے،وہ 12سے 14 پوائنٹس پر چلے گئے ہیں۔راجستھان کو شکست سے بڑا دھچکہ لگا ہے۔وہ 8 پوائنٹس پر فل اسٹاپ کے ساتھ ٹاپ 6 میں بھی نہیں ہے،یہی شکست اس کے فائنل 4 سے باہر ہونے کی بنیاد رکھ گئی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *