کرک اگین تحقیقاتی سیل
لیگ اسپنر نے ہی لیگ اسپنر پروار کردیا،بنگلہ دیشی آل رائونڈر نے پاکستانی آل رائونڈرکو تاریخی صفحات پر پیچھے دھکیل دیا ہے،دلچسپ بات ہے اور کمال اتفاق ہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں وہ کام ہوگیا جس کی امید کم سے کم سپر 12 میں تھی لیکن بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے پہلے ہی مرحلے کے 3 میچز میں بڑا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔دوسرا کمال اتفاق یہ ہے کہ ابھی ان کے سپر 12 کے کم سے کم 5 میچز اور زیادہ سے زیادہ 7 میچز باقی ہیں۔
ایونٹ کے آغاز سے قبل پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی پوری ہسٹری کے ٹاپ وکٹ ٹیکر تھے۔ورلڈ ٹی 20 کے تمام 6 ایڈیشن کے اعدادوشمار کو ملا کر وہ سب بائولرز میں سب سے زیادہ 39 وکٹیں حاصل کرنے والے بائولر تھے۔اس ایونٹ میں اتنی جلدی ان کے اس عزاز کے چھننے کا امکان نہ تھا کیونکہ ان کے اور ان کے قریب ترین حریف کھلاڑی جو اس وقت کھیل رہے ہیں،ان میں 10سے 14 وکٹوں کا فرق تھا۔
سکاٹ لینڈ نے عمان کو باہر نکال دیا،بنگلہ دیش کو بھی دھچکا
شکیب الحسن نے جمعرات کو پی این جی ٹیم کی 4 وکٹیں اڑادیں،اس طرح وہ ورلڈ ٹی 20 کپ کی تاریخ میں 39 ویں وکٹ حاصل کرگئے۔شاہد آفریدی کی بھی اتنی ہی وکٹیں تھیں لیکن آئی سی سی ریکارڈ بک میں شاہد آفریدی کا نام دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے،اگرچہ ابھی بھی وہ شکیب کے ساتھ مشترکہ طور پر 39 وکٹیں اپنے پاس رکھتے ہیں ،اس کی بھی وجہ ہے۔
شکیب الحسن کی 28 میچزکی 27 اننگز میں 100 اوورز میں640 رنز کے عوض 39 وکٹیں ہیں۔17 کے قریب کی اوسط اورساڑھے 6 سے کم کا اکانومی ریٹ ہے۔شاہد خان آفریدی نے شکیب سے زیادہ34 میچز،زیادہ 34 اننگز میں 135 اوورز ڈالے تھے۔907 رنز دیئے جو کہیں 640سے زیادہ ہیں۔23 سے زائد کی ایوریج اور پونے 7 کا اکانومی ریٹ رہا ہے،اس لئے شکیب الحسن کی اوسط،رفتار اور اسپیڈ زیادہ ہے۔
شکیب الحسن اب تک ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں 3 میچز میں 9 وکٹیں لے چکے ہیں،ایسا لگتا ہے کہ اس بار وہ نیا ریکارڈ قائم کرجائیں گے۔سکاٹ لینڈ کے جے ڈیوے 8 وکٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔شکیب الحسن اور شاہد آفریدی کے قریب اس ایونٹ میں ابھی کوئی نہیں ہے لیکن دیکھیں کیا کچھ نیا ہوتا ہے۔