لاہور،پی سی بی پریس ریلیز
نیشنل ٹی ٹونٹی کے آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو 92 رنز سے شکست دے دی۔ کامران غلام کی 110 رنز کی شاندار اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔لیگ میچز کے اختتام پر خیبرپختونخوا ، سینٹرل پنجاب، سندھ اور ناردرن کی ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 12، 12 ہے۔ تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر خیبرپختونخوا پہلے، سینٹرل پنجاب دوسرے، سندھ تیسرے اور ناردرن پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔ بلوچستان اور سدرن پنجاب 6،6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل خیبرپختونخوا اور ناردرن جبکہ دوسرا سینٹرل پنجاب اور سندھ کے مابین کھیلا جائے گا۔ایونٹ کےدونوں سیمی فائنلز منگل اور فائنل بدھ کو کھیلا جائے گا۔208 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خالد عثمان ، آصف آفریدی اور عمران خان سینئر نے 2،2 جبکہ ارشدا قبال، افتخار احمد اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔33 رنز پر ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن کے وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے کپتان عمر امین کے ہمراہ مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکرپویلین واپس لوٹ گئے۔کپتان عمر امین 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی تین بیٹرز علی عمران 19 ، عاقب لیاقت اور ذیشان ملک 11 ، 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
وہاب ریاض بیٹسمین بن گئے، سینٹرل پنجاب کو نیشنل ٹی 20 کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا
اس سے قبل کامران غلام اور افتخار احمد کی 133 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت خیبرپختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔کامران غلام نے 64 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔یہ ان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ کی پہلی سنچری ہے۔ وہ نیشنل ٹی ٹونٹ کے حالیہ ایڈیشن میں سنچری بنانے والے تیسرے بیٹر ہیں۔ اس سے قبل بابراعظم اور شرجیل خان اس ٹورنامنٹ میں سنچریاں بناسکتے ہیں۔افتخار احمد 26 گیندوں پر 4 چھکوں اور4 چوکوں کی بدولت 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ان دونوں کے علاوہ خیبرپختونخوا کا کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ صاحبزداہ فرحان 18، محمد حارث 13، نبی گل 1 اور اسرار اللہ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔عاقب لیاقت 2 اور اطہر محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔