ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے عمران عثمانی۔شان مسعود کی آج،بابر اعظم کی کل سالگرہ،دونوں ہی پریشان اور بڑے خطرے میں۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم افراتفری میں ہے۔شان مسعود اپنی پوزیشن سمیت کپتانی کی بقاکی جنگ میں ہیں۔کل سے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں دوسرا ٹیسٹ قریب ان کی قسمت کا حتمی فیصلہ کردے گا۔پاکستان جیتا تو تیسرے ٹیسٹ میں یہی صورتحال ہوگی اور ہارا تو آخری میچ محض رسمی کارروائی ہوگا۔یہ بریکنگ نیوز نہیں ہوگی۔بریکنگ نیوز گزرچکی،جب بابر اعظم کو پاکستانی ٹیم سے نکال دیا گیا۔وہ ملتان سے لاہور پہنچ چکے۔گویا شان مسعود پر تلوار لٹک رہی ہے اور بابر اعظم پر چل چکی۔کیا ہی اتفاق ہے کہ پاکستان کے ان دو بڑے ناموں کی سالگرہ آگے پیچھے ہے۔
بابر اعظم کو ڈراپ کرنے پر نئے محاذ سے پہلا فائر،فخرزمان نے پی سی بی کو کھری کھری سنادیں
پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی آج 14 اکتوبر کو ایسے وقت میں سالگرہ آئی ہے جب ان کیلئے زندگی مشکل ترین ہے۔یہ ایسے ہی ہے جیسے گزشتہ سال 15 اکتوبر 2023 کو اس وقت کے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی سالگرہ تھی اور اس اسے ایک شام قبل مطلب 15 اکتوبر شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل پاکستان بمقابلہ بھارت بڑا میچ تھا۔پاکستان ہارا تھا۔بابر اعظم کی سالگرہ چھپ گئی تھی۔آج شان مسعود زندگی کی 35 ویں سالگرہ مناتے ہوئے کچھ زیادہ اطمینان میں نہیں ہیں۔
شان مسعود کی آج 14 اکتوبر کو سالگرہ ہے۔1989 میں پیدا ہونے والے لیفٹ ہینڈ بیٹر اور پاکستان کے ٹیسٹ کپتان کل سے مشکل مشن پر ہیں۔ادھر سابق کپتان اور ٹیم سے ڈراپ بابر اعظم کی 30 ویں سالگرہ کل 15 اکتوبر کو ہے۔یہ عین وہ دن ہوگا جس دن ان کی ٹیم ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہوگی اور وہ اس میں نہیں ہونگے۔زندگی کی یہ 30 ویں سالگرہ ان کیلئے یادگار نہیں ہوگی۔انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ انہیں کپتانی سے کیا ٹیم سے بھی نکالا جاسکتا ہے۔شاید اسی لمحہ کیلئے یہ جملے درست ہیں کہ دو پل رکا خوابوں کا یہ کاررواں اور پھر چل دیئے تم کہاں ،ہم کہاں۔