کراچی۔پی سی بی پریس ریلیز
قائد اعظم ٹرافی کا چیمپئن کے پی کے۔خیبر پختونوخواہ نے ناردرن کو شکست دے کر قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا. نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ فائنل میں دفاعی چیمپئن نے ناردرن کو 169 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔
میچ کے آخری روز کم از کم 64 اوورز میں 384 رنز کے تعاقب ناردرن کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. محمد وسیم جونیئر نے بھی میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کے ٹاپ اسکورر اور ناردرن کے اوپنر محمد حریرہ نے میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے۔
پہلی اننگز میں 51 رنز کی اننگز کھیلنے والے محمد حریرہ دوسری اننگز میں 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے. فیضان ریاض 49 رنز بنا کر دوسری اننگز میں ناردرن کے دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
اس سے قبل 118 رنز کی برتری سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبر پختونوخواہ نے ریحان آفریدی اور فخر زمان کی نصف سنچریوں کی بدولت 265 رنز بنائے. ریحان آفریدی 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. فخر زمان نے بھی اتنی ہی مرتبہ گیند کو باؤنڈریز کے باہر پہنچا کر 50 رنز اسکور کیے. ساجد خان نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 39 رنز کی اننگز کھیلی. محمد نواز نے 4 اور موسیٰ خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگز میں افتخار احمد کی سنچری کی بدولت خیبر پختونوخواہ نے 374 رنز بنائے تھے. جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی. حیدر علی 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
ناردرن کے مبصر خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی، اوپنر محمد حریرہ کو ایونٹ کا بہترین بیٹر جبکہ روحیل نزیر بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا. فائنل میں سنچری اور دو وکٹیں حاصل کرنے پر خیبر پختونوخواہ کے کپتان افتخار احمد کو پلیئر آف دی فائنل جبکہ علی عثمان کو بہترین باؤلر کا انعام دیا گیا۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے جبکہ رنرزاپ کو پچاس لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔