کراچی،کرک اگین رپورٹ
ایک جانب ورلڈ ٹی 20 کپ کی مسلسل 5 فتوحات،سیمی فائنل کی ٹکٹ۔دوسری جانب مسلسل ناکامیاں،ورلڈ ٹی 20 کے گروپ اسٹیج سے ہی اخراج۔ایک طرف آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن۔دوسری جانب 9 واں نمبر۔حالیہ عرصے میں ویسٹ انڈیز میں جاکر ٹی 20 سیریز کی جیت سمیت بہت سے پہلو ایسے ہیں کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی آنے والی سیریز میں کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے۔
سب سے بڑا پہلو تو یہ ہے کہ گرین کیپس کو مجموعی طور پر کھیلے گئے 18 میچزمیں سے 15 کی فتوحات اور صرف 3 ناکامیوں کے ساتھ مکمل برتری ہے۔3 میچز بے نتیجہ رہے ہیں۔سیریز کی بات کی جائے تواب تک 6 سیریز ہوچکی ہیں۔پاکستان نے 5 میں کامیابی کو گلے لگایا۔اکلوتی سیریز اکلوتے میچ کی 2011 میں ان کے ہی ملک میں تھی جس میں ویسٹ انڈیز جیتا تھا۔اس کے بعد سے2013 میں ویسٹ انڈیز میں پاکستان دونوں میچز جیتا،سیریز نام کی۔
پھر 2016 میں عرب امارات میں کھیلی گئی 3 میچز کی سیریز بھی گرین کیپس کی رہی۔2017 میں ویسٹ انڈیز میں پاکستان 4 میچزکی سیریز 1-3سے اپنے نام کرآیا۔اپریل 2018 میں ویسٹ انڈیز نے انٹر نیشنل کرکٹ بحالی میں ایک قدم اٹھایا۔پاکستان میں 3 میچز کی سیریز کھیلی جس میں اسے کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان پھر فتحیاب تھا۔اسی سال پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں 4 میچزکی سیریز 0-1 سے اپنے نام کی۔باقی 3 میچز بارش کی نذر ہوئے۔
پاکستان نے نہ صرف اپنے ملک،نیوٹرل مقام،حتیٰ کہ ویسٹ انڈیز میں جاکر اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑھے ہیں۔نتیجہ میں بابر اعظم الیون اس سیریز کے لئے بھی فیورٹ ہی ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ،پاکستان کی پوزیشن مستحکم،طریقہ جان لیجئے
پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف 4 سال سے کسی بھی سنگل ٹی 20 میچ میں ناقابل شکست ہے۔اس دوران 8 میچز کھیلے گئے۔گرین کیپس نے 5جیتے۔3 بارش میں بہہ گئے۔دونوں ممالک کی باہمی ٹی 20 انٹر نیشنل تاریخ 2011 سے شروع ہوتی ہے۔ویسٹ انڈیز کو 2011 کے بعد 2014 اور پھر 2017 میں تیسری اور آخری سنگل جیت ملی۔2014 کی ناکامی بھی باہمی سیریز کی نہ تھی۔ورلڈ ٹی 20 کپ کے میچ کی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 14 میچز کی 11 اننگز میں454 رنزبنانے والے پاکستانی کپتان بابر اعظم کا ریکارڈ شاندار اور مثالی ہے۔56 سے زائد کی اوسط اور 4 ہاف سنچریز ظاہر کرتی ہیں کہ یہ اس اسکور کو مزید بڑھائیں گے۔بائولنگ میں شاداب خان حیران کن طور پر سب سے آگے ہیں۔انہوں نے11 میچزمیں 15 وکٹیں لی ہیں۔حسن علی 12 میچز میں13 وکٹ کے ساتھ دوسرے اور عماد وسیم 7 میچز میں 11 وکٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 درجہ کا فرق ہے۔قومی ٹیم تینوں میچز جیت کر بھارت کے 267 درجہ کے لئے خطرہ ہوسکتی ہے،اس وقت انگلینڈ 275 کے ساتھ پہلے،بھارت 267 کے ساتھ دوسرے اور پاکستان 265 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 3 ٹی 20 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 13 دسمبر،14 اور 16 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔مہمان ٹیم جمعرات کو کراچی پہنچ چکی ہے۔