کراچی 24 دسمبر، 2023ء
ڈیبیو میچ پر 10 وکٹیں
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ کے آر ایل نے دلچسپ مقابلے کے بعد غنی گلاس کو ایک وکٹ سے ہرادیا۔
ایس این جی پی ایل کے لیگ اسپنر عارف یعقوب نے اپنے اولین فرسٹ کلاس میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے دس وکٹیں حاصل کیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں میچ کے تیسرے دن پی ٹی وی کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 66 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی لیکن وہ 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حسن نواز نے69 اور ناصر نواز نے 62 رنز اسکور کیے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز کا اضافہ کیا لیکن اس کے بعد کوئی بھی بیٹر لیگ اسپنر عارف یعقوب کی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکا جنہوں نے 80 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں97 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔
29 سالہ عارف یعقوب نے اپنے اولین فرسٹ کلاس میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ایس این جی پی ایل کو میچ جیتنے کے لیے 83 رنز کا ہدف ملا تھا جو انہوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
صاحبزادہ فرحان نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے51 رنز بنائے۔
اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل نے غنی گلاس کو ایک وکٹ سے شکست دیدی۔
غنی گلاس کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 79 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سراج الدین نے صرف 7 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کاشف علی نے بھی 4 وکٹیں 33 رنز دے کر حاصل کیں۔
کے آر ایل نے جیت کے لیے درکار 123 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر بناکر یہ میچ دلچسپ انداز میں جیت لیا۔
کاشف علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 30 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔
غلام مدثر نے 32 اور نیاز خان نے 61 رنز کے عوض چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں واپڈا کو ہائر ایجوکیشن کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 220 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل کے اختتام پر انہوں نے 4 وکٹوں پر 114 رنز بنائے تھے۔ عمراکمل 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔محمد جنید نے 44 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واپڈا کو جیت کے لیے مزید 106 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی دوسری اننگز 2 وکٹوں پر 111 رنز سے شروع کی اور پوری ٹیم 172 رنز کا اضافہ کرکے 283 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
غازی غوری نے 17 چوکوں کی مدد سے110 رنز بنائے۔ محسن خان 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اویس ظفر نے 57 رنز اسکور کیے۔
واپڈا کی طرف سے عرفان اللہ شاہ نے 39 اور افتخار احمد نے 40 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔