لاہور، 26 فروری 2024،پی سی بی میڈیا ریلیز
تین ٹیسٹ کرکٹرز عامر ملک (14 ٹیسٹ، 24 ون ڈے)، نوید لطیف (1 ٹیسٹ، 11 ون ڈے) اور سلیم الٰہی (13 ٹیسٹ، 48 ون ڈے) چار روزہ لیول 1 کوچنگ میں حصہ لینے والے 32 شرکاء میں شامل ہیں۔ 27 فروری سے یہ کورس ملتان کے ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہوگا اور یکم مارچ بروز جمعہ کو اختتام پذیر ہوگا۔
یہ کورس آئی سی سی کے منظور شدہ ٹیوٹرز حافظ سجاد اکبر، عمران عباس، کامران حسین اور راحت عباس کرائیں گے۔ شرکاء کو کوچنگ کی مہارت کی بنیادی باتیں سکھائی جائیں گی جن میں کمیونیکیشن، کوچنگ فلسفہ، منصوبہ بندی اور تیاری شامل ہیں۔
کورس کے اختتام پر، شرکاء کو اپنی اسائنمنٹس مکمل کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ کامیاب شرکاء کو لیول 1 کوچنگ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔
ملتان میں لیول 1 کورس اس سال نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام چوتھا لیول 1 کورس ہوگا جس کی سربراہی سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد محبوب کر رہے ہیں۔ پچھلے مہینے، ڈیپارٹمنٹ نے 8 سے 22 جنوری کے درمیان پشاور، راولپنڈی اور کراچی میں لیول 1 کورسز کا انعقاد کیا تھا۔