خواتین کرکٹ نے بابر اعظم کو بتادیاکہ یہی ہونے والا،پاکستان ویمنز کو تیسری شکست
تیسرا ویمنز ٹی ٹوئنٹی : انگلینڈ نے پاکستان کو
34 رنزسےشکست دے دی
سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ ۔ڈینی وائٹ کی 87 رنز کی عمدہ اننگز۔
۔انگلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 34 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ کی خاص بات ڈینی وائٹ کی 87 رنز کی عمدہ اننگز تھی۔
انگلینڈ ویمنز نے تین میچوں کی اس سیریز کا اختتام کلین سوئپ پر ختم کیا۔اس نے ایجبسٹن میں پہلا میچ 53 رنز سے اور نارتھمپٹن میں دوسرا میچ 65 رنز سے جیتا تھا۔
اتوار کو ہیڈنگلے میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ ویمنز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 176 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستان ویمنز 4 وکٹوں پر 142 رنز بناسکی۔
انگلینڈ ویمنز کی اننگز کی خاص بات ڈینی وائٹ کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے 48 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور 12 چوکے شامل تھے۔ وہ پاکستان انگلینڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 364 رنز بنانے والی بیٹر بھی بن گئی ہیں۔
پاکستان ویمنز کی طرف سے ڈیانا بیگ اور ندا ڈار نے بالترتیب 26 اور 45 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز کی اننگز میں سدرہ امین اور گل فیروزہ نے ٹیم کو 9 اوورز میں 60 رنز کا ُپر اعتماد آغاز فراہم کیا۔گل فیروزہ 30 اور سدرہ امین 26رنز بناکر آؤٹ ہوئیں ۔ منیبہ علی 3 اور صدف شمس صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
ندا ڈار اور عالیہ ریاض کے درمیان 69 رنز کی شراکت ٹیم کو جیت دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔ ندا ڈار نے 29 اور عالیہ ریاض نے 35 رنز اسکور کیے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہیں۔
عالیہ ریاض ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والی پانچویں پاکستانی بیٹر بن گئیں۔ ان سے قبل بسمہ معروف۔ جویریہ خان۔ ندا ڈار اور منیبہ علی یہ سنگ میل عبور کرچکی ہیں۔
اب دونوں ٹیمیں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں مدمقابل ہونگی ۔ پہلا میچ 23 مئی کو ڈربی میں کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور ۔
انگلینڈ ویمنز 176 ( 20 اوورز ) ڈینی وائٹ 87۔ڈیانا بیگ 26 / 3 وکٹ ۔ ندا ڈار 45 / 3 وکٹ ۔
پاکستان ویمنز 142 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ عالیہ ریاض 35ناٹ آؤٹ ۔گل فیروزہ 30 ۔ ندا ڈار 29 ناٹ آؤٹ۔
نتیجہ : انگلینڈ ویمنز نے34 رنز سے جیتا۔