راولپنڈی ،کرک اگین رپورٹ ،پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش،7 ویں باہمی سیریز کا بدھ سے آغاز،پاکستان کیلئے کیا خطرہ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی 7 ویں دو طرفہ سیریز کا آغاز ہونے والا ہے۔6 سیریز کے 13 ٹیسٹ میچزمیں بنگلہ دیش ایک بھی نہیں جیتا،ایک ڈرا کے ساتھ پاکستان کے ہاتھوں 12 شکستیں سجائے ہوئے ہے۔
پاکستان کیلئے ایک اہم پوائنٹ ہے۔گزشتہ 2 سالوں میں راولپنڈی کی پچز ٹیسٹ معیار سے نیچے،فرینڈلی بیٹنگ پچز قرار پائی تھیں،پاکستان نے میچز ڈرا کھیلے تھے یا کوئی ایک میچ ہارا بھی تھا لیکن اس بار دعویٰ یہ ہے کہ تیز اور گراسی پچ ہے۔پاکستان نے تو ایسا فیصلہ کیا ہے کی جیسی گارنٹی ہوکہ پرتھ کی تیز پچ پر میچ ہونا ہے۔4 فاسٹ بائولرز کھلادیئے۔ریگولر اسپنر نکال دیا۔ایسے میں کہ جب اگلے 5 روز راولپنڈی میں بارش کی پیشگوئی ہے اور کافی وقت متاثر ہوسکتا ہے تو کہیں یہ فیصلے الٹا گلے نہ پڑیں اور پاکستان تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش سے ہاررہا ہو۔یہ خطرہ موجود ہوگا۔
پاکستان کا سال 2024 کا پہلا ٹیسٹ ہی ہوگا،اس لئے کہ گزشتہ دورہ آسٹریلیا قریب ناکامی پر تمام ہوا تھا۔
پاکستان مینز کرکٹ ٹیم بدھ 21 اگست 2024 کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کا آعاز کرے گی۔دوسرا ٹیسٹ میچ اسی اسٹیڈیم میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس نے چیمپئن شپ میں دو سیریز کھیلی ہیں سری لنکا کے خلاف اس نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان اس سیزن میں نو ٹیسٹ میچ کھیلے گا جو 1998-99 کے بعد سے اس کا مصروف ترین ٹیسٹ سیزن ہے۔ ان میں سے سات ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں بنگلہ دیش کے خلاف دو اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین اور اگلے سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو شامل ہیں۔ دو ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ہیں جو دسمبر/ جنوری میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل،پروٹیز کا جمپ،پاکستان فوری تیسری پوزیشن کیسے لے سکتا
بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی اس سال اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پہلی بین الاقوامی اسائنمنٹ ہے۔ یہ شان مسعود کا بطور کپتان ہوم سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہو گا جس سے ٹیم کے لیے ریڈ بال کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔اے اسپورٹس، پی ٹی وی اسپورٹس اور ٹین اسپورٹس پر براہ راست نشر ہونے والے اس میچ میں ٹاس ساڑھے نو بجے ہوگا اور میچ کا آغاز صبح دس بجے ہوگا۔
پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کے لیے میچ جیتے۔ ہم اس سیریز اور آنے والے سیزن کے لیے ُپرجوش ہیں۔ ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک باصلاحیت گروپ ہے جو سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے چین ہے۔
پاکستان بنگلہ دیش سے کبھی ٹیسٹ ہارا،سابقہ ریکارڈز
بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو کا کہنا ہے کہ ہم پی سی بی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے لاہور میں پریکٹس کرانے میں ہماری مدد کی۔ ہمارے وہاں دو سیشن ہوئے اور مجھے امید ہے کہ کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں بڑی صلاحیت ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہر میچ بہت اہم ہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون
عبداللہ شفیق۔ صائم ایوب ۔ شان مسعود (کپتان) بابر اعظم ۔ سعود شکیل ( نائب کپتان) محمد رضوان ( وکٹ کیپر) سلمان علی آغا ۔ شاہین شاہ آفریدی ۔ نسیم شاہ ۔ خرم شہزاد اور محمد علی۔
بنگلہ دیش اسکواڈ
نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن۔
میچ آفیشلز
ایڈرین ہولڈ سٹوک اور رچرڈ کیٹلبرو ( آن فیلڈ امپائرز) مائیکل گف (تھرڈ امپائر) راشد ریاض ( فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری) ۔