عمران عثمانی کی تحریر
انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں ہے اور گرم ترین علاقے ملتان میں ہے۔29 ستمبر 2024 کو برسٹل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا۔اس روز برسٹل میں کم سے کم درجہ حرارت9 اور زیادہ سے زیادہ 17 تھا۔مجھے یاد ہے کہ انگلینڈ میں جون میں کرکٹ کور کرنے کا اتفاق ہوا اور ستمبر میں بھی۔جون میں پاکستان کبھی ٹیسٹ اور کبھی نیٹ ویسٹ سیریز کھیل رہا تھا اور ستمبر 2004 میں وہاں چیمپئنز ٹرافی۔پاکستان میں ادیبوں سے پڑھا اور سنا کرتے ہیں کہ ستمبر ستمگر لیکن انگلینڈ میں یہ یوں بے حساب یاد آیا کہ سردی سے دانت بج رہے تھے تو اتفاق کیا کہ ستمبر پاکستان میں ہو یا انگلینڈ میں۔ہر جگہ ہی ستمگر ہے۔خیر یہ تو جملہ معترضہ تھا۔آج 3 اکتوبر کو برسٹل میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 16 ہے۔ادھر جہاں انگلش ٹیم موجود ہے،اس کے مقام کا نام ملتان ہے،جہاں آج 3 اکتوبر کو کم سے کم 25 سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور زیادہ سے زیادہ 39 سے 41 تک جاسکتا ہے۔اب آپ خود سوچیں کہ تھنڈے علاقوں میں رہنے والے اور خاص کر گزشتہ 5 ماہ سے سرد ترین موسم گرما میں کرکٹ کھیلنے والے یکدم کہاں کھیلنے آگئے ہیں۔انگلش کھلاڑی بھی اب ملتان سے ستمبر کی جگہ ستمگر یاد کرکے جائیں گے۔مسلسل دوسرا روز ہے،وہ اسٹیڈیم نہیں آئے اور کل سے پہلے آنا بھی نہیں ہے،خیر چھپ لیں،بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔کل بھی ہوگی اور 7 اکتوبر بھی،اس گرمی میں انہیں کھیلنا تو ہوگا ہی۔پہلی بار انہیں علم ہوگا کہ ملتان کیسا ہے۔
انگلینڈ کا دورہ پاکستان،سابق پیسر سٹورٹ براڈ کا اہم ترین دعویٰ آگیا
ملتان پاکستان کے مشہور ترین گرم علاقوں میں سے ایک ہے۔جہاں موسم گرما جاتے جاتے بھی آدھا موسم سرما گزاردیتا ہے۔شہری آدھی سردی کا وقت ہاتھ ملتے سردی کا انتظار کرتے اور پھر مختصر سی سردی میں ہاتھ ملنے پر خود ہی مجبور ہوجاتے ہیں۔یقینی طوپر انگلینڈ کے کھلاڑی اس سے خوش نہیں ہیں،جیسا کہ چند روز قبل انگلینڈ کے کوچز اور کچھ کھلاڑیوں نے اس شیڈول کو ناپسند کیا ہے۔یہ بھی کہا تھا کہ کرکٹ سیریز کا شیڈول 2 ممالک کے بورڈز بناتے ہیں،لیکن 29 ستمبر کی ختم ہوتی سیریز کے 2 روز بعد یم اکتوبر کو پاکستان روانگی اور 2 اکتوبر کی رات ملتان اترنا ایک کٹھن امتحان ہے۔اسی دی گارڈین نے رپورٹ کیا تھا۔
انگلینڈ نے کبھی اکتوبر کے آوائل میں پاکستان میں ٹیسٹ کھیلا
وقت بدلتا جارہا ہے۔اب اکتوبر میں جب شام کے سائے 6 بجے گہرے ہونا شروع ہوجاتے ہیں تو اتنی گرمی کا کیا تصور لیکن ملک کے کونے کونے سے درختون،باغوں کی تباہی،رہائشی کالونیز کی آباد کاری نے پاکستان کے موسم کا نقشہ ہی بدل ڈالا ہے۔وہ جو خدا گئے،وہ ،ایک موسم سے ہارگئے۔اور شعبوں کی طرح کرکٹ بھی متاثر ہونے لگی ہے،یہ سایے ہیں یا ڈرائونے نقشے،جو بھی ہیں،انجام برا ہے۔ اب ایک اور بات بی اہم ہے۔وہ یہ کہ جہاں بدلتے حالات اور موسمی تغیرات نے یہ ماحول بنا ڈالا ہے تو کیا اچھے دنوں میں جب اکتوبر میں ہوائیں تھنڈی ہوا کرتی تھیں،موسمی فصلیں لہلہارہی ہوتی تھیں۔جب تپش کم اور ماحول کی صفائی،کشادگی اور تھنڈک زیادہ تھی۔کیا اس وقت بھی انگلینڈ نے ان تاریخوں میں پاکستان میں کبھی ٹیسٹ میچ کھیلا ہے؟ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ انگلینڈ نے کبھی پاکستان میں اکتوبر کے آوائل میں کبھی کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔ملتان میں تو کبھی اکتوبر میں نہیں کھیلا۔اس کا مطلب ہے کہ میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے شیڈٖول کی تیاریوں میں یہ اہم بات نظر انداز کرگیا۔
انگلینڈ کی گزشتہ 63 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں پاکستان کے دورے کس ماہ میں ہوئے
انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی تاریخ 1961 سے شروع ہوتی ہے۔اکتوبر کے آخری عشرے میں اس نے لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔سیریز اگلے سال جاکر ڈھاکا سے ہوتی مکمل ہوئی۔پاکستان ہارگیا۔۔فروری 1969 میں دوسرا دورہ پاکستان تھا۔سیریز ڈرا رہی۔مارچ 1973 اور دسمبر 1977 کے دورے تھے۔سیریز ڈرا رہیں۔مارچ 1984 پھر نومبر 1987 میں اس نے پاکستان کے دورے نہایت بہتر موسم میں کئے تھے۔دونوں بار پاکستان جیتا۔نومبر 2000 اور نومبر 2005 کے دورے بھی ایسے ہی موسم میں تھے۔اول الذکر میں انگلینڈ 40 برس بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیت گیا۔آخر الذکر سیریز پاکستان نے جیتی تھی۔پھر آخری دورہ 2022 میں بھی دسمبر میں ہوا تھا اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سال کے 12 ویں ماہ میں انگلینڈ نے اپنا دوسرا ٹیسٹ اس مقام پر کھیلا تھا۔پاکستان میچ ہارا،بعد میں 3 میچزکی سیریز 0-3 سے ہارگیا،پہلی بار کلین سوئپ ہوا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیسٹ کس ماہ میں
ملتان کی تاریخ میں ویسے تو اگست اور ستمبر میں بھی ٹیسٹ میچز ہوئے لیکن یہ ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کے خلاف تھے تو دونوں ممالک ایسی گرمی کے عادی تھے۔بھارت کے خلاف مارچ 2004 میں،انگلینڈ کے خلاف نومبر 2005 اور دسمبر 2022 میں ٹیسٹ میچز ہوئے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف نومبر 2006 میں ٹیسٹ کھیلا گیا تھا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم،تپتی دھوپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پریکٹس،بابر توجہ کا مرکز
جہاں پاکستان کے موسمی حالات نے انگلینڈ کیلئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں گرم چادر بچھچادی ہے۔وہاں دونوں ممالک کی 63 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار اکتوبر کے آوائل میں ،وہ بھی ملتان میں ٹیسٹ میچ شیڈول کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انگلینڈ کے پلیئرز کے تلووں کو جلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
انگلینڈ کا دورہ پاکستان اکتوبر 2024 کا شیڈول
پہلا ٹیسٹ۔7 اکتوبر سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم
دوسرا ٹیسٹ۔15 اکتوبر سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم
تیسرا ٹیسٹ۔24 اکتوبر سے،پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی
یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔دونوں کا فائنل میں پہنچنا بہت مشکل ہے۔
اس سے متعلقہ خبریں
ملتان اسٹیڈیم کی پچ کیسی ،ملین ڈالر سوال کا جواب حاضر
پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے میچ آفیشلز کا اعلان
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم،قومی کھلاڑی صبح کےسیشن میں ٹریننگ کرتے بے حال،بابر کی الگ دوڑ
سردی سے 40 ڈگری،ملتان روانگی سے قبل انگلش کوچز اور کھلاڑی بھڑک اٹھے،شیڈول پر تنقید