اسلام آباد ۔کرک اگین رپورٹ۔
کرکٹ کی بریکنگ نیوز کے مطابق، قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم ایک بار پھر پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں منفی ہیڈ لائنز بنتے بنتے رہ گئے۔
اسلام آباد میں کھیلے جا رہے اس میچ میں کھانے کے وقفے سے قبل آخری گیند پر ان کا ایک آسان کیچ دوسری سلپ میں کھڑے فیلڈر نے ڈراپ کر دیا۔ جس وقت یہ کیچ ڈراپ ہوا، تب بابر اعظم کا اسکور صرف 12 رنز تھا۔ بولر سراج الدین اس موقع پر شدید مایوس نظر آئے۔ گراؤنڈ میں موجود شائقینِ کرکٹ کی تعداد بھی بابر اعظم کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دے رہی تھی۔
ایبٹ آباد میں بابر اعظم نے سات سال بعد اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔ وہاں بھی وہ پہلی اننگز میں 12 اور دوسری اننگز میں صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ بہرحال، موجودہ میچ میں ان کی ٹیم نے لنچ تک دو وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لیے تھے اور بابر اعظم فی الحال ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں۔
میچ کے دوران ایک اہم واقعہ یہ بھی پیش آیا کہ دو بار مختلف کرکٹ فینز گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ سیلفی لی۔ سیکیورٹی کے حوالے سے یہ بات مناسب نہیں ہے، لیکن فی الحال انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر نرمی دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم اس وقت شدید دباؤ اور تنقید کی زد میں ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ اپنے بلے سے کب اور کس طرح اس تنقید کا جواب دیتے ہیں۔
