کرک اگین ایڈیٹر اسپیشل
ورلڈ ٹی 20 کپ 2021 قریب ہے،اس حوالہ سے کرک اگین متعدد معلوماتی مضامین شائع کرچکا ہے،یہاں کرکٹ کے ایک باب بیٹنگ کا جائزہ لیتے ہیں،اس ایک آرٹیکل میں ورلڈ ٹی 20 کپ کے بیٹنگ کے تمام ریکارڈز کے احاطہ کی کوشش ہوگی۔چونکہ 20 اوورز کا فارمیٹ ہے۔تیز ترین کھیل ہوتا ہے۔بیٹنگ آسان نہیں ہوتی اور ہٹرزکے لئے اچھے مواقع نکالنا آسان امر نہیں ہوتا۔
ورلڈ ٹی20 کپ کے ٹوٹل ایڈیشن6،ٹاپ اسکور کون اور کتنا
اب تک 6 بار ورلڈ ٹی 20 کپ کھیلا جاچکا ہے،مجموعی بیٹنگ کا احوال بھی آئے گا،یہاں یہ ذکر ہوتا چلے کہ کسی بھی سنگل ایونٹ میں ٹاپ اسکورر کون رہا۔اس نے کتنے اسکور بنائے۔یہ یہ 2014 کے ورلڈ ٹی 20 کپ کی بات ہے۔بھارت کے اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی نے6 میچزکی 6 اننگز میں 3 بار ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 317 اسکور بنائے۔ہائی اسکور 77 تھا۔4ففٹیاں تھیں۔ایوریج 106 اور اسٹرائیک ریٹ 130کے قریب تھا۔یہ اب تک کے تمام 6 ایونٹس میں سے کسی بھی سنگل ایونٹ کا ٹاپ اسکور ہے جو کوہلی کے نام ہے۔سری لنکا کے تلکرتنے دلشان 317 اور مہیلا جے وردھنے 302 اسکور کرکے 2009 اور 2010کے ایڈیشن کے ٹاپ اسکورر بنے۔ان 3 کے سوا کوئی بھی بیٹسمین کسی ایونٹ میں 300 کے ٹوٹل تک نہیں جاسکا ہے۔
ورلڈ ٹی20 کپ کی ٹوٹل سنچریز کتنی،کس کی،کس کی
ورلڈ ٹی 20 کپ 6 بار ہوچکا ہے۔ماردھاڑ اور ایکشن سے بھر پور ایونٹ کی سنچریز دیکھی جائیں تو وہ توقعات سے کم ہیں۔اب تک 6 ٹورنامنٹس میں 8 سنچریز بنائی گئی ہیں۔7 ممالک کی جانب سے نمائندگی ہوئی ہے۔کیا ہی اتفاق ہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کی تاریخ کی پہلی سنچری ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے11 ستمبر 2007 کو جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا کے خلاف بنائی،انہوں نے 117 رنزبنائے۔اتفاق سے اب تک کی 8 ویں وآخری سنچری بھی کرس گیل کے نام کے ساتھ جڑی ہے جو انہوں نے 16 مارچ 2016 کو ممبئی میں انگلینڈ کے خلاف بنائی۔وہ 100 پر ناٹ آئوٹ رہے۔ورلڈ ٹی 20 کپ میں وہ 2 سنچریز کرنے والے دنیا کے پہلے اور اکلوتے بیٹسمین ہیں۔ان کے علاوہ بھارت کے سریش رائناسری لنکا کے جے وردھنے،نیوزی لینڈ کے میک کولم،انگلینڈ کے ایلکس ہیلز،پاکستان کے احمد شہزاد اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔
ورلڈ ٹی 20 کی کسی بھی اننگ کے زیادہ چھکے
یہ بات ٹی 20 کرکٹ کی مناسبت سے نہایت ہی اہم ہے،اس میں بھی کرس گیل آگے ہیں۔ورلڈ ٹی 20 کی ایک اننگ میں زیادہ چھکوں کا اعزاز رکھتے ہیں۔انہوں نے 16 مارچ 2016 کو ممبئی میں انگلینڈ کے خلاف 100رنزکی ناقابل شکست اننگ میں11 چھکے مارے۔10 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر بھی وہی ہیں۔
ورلڈ ٹی 20 کے مجموعی سکسرز میں کون آگے
ایسا ہی ہے۔کرس گیل کا غلبہ ہے۔وہ اب تک ورلڈ ٹی 20کی تاریخ میں زیادہ سکسرز لگانے والے کھلاڑی ہیں اور اہم پوائنٹ یہ بھی ہے کہ ان کے قریب ترین کوئی نہیں ہے۔وہ 28 میچزمیں 60 چھکے لگاچکے ہیں اور اس ایونٹ میں اس میں اضافہ ہی کریں گے۔بھارت کے یوراج سنگھ 31میچزمیں 33 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان کی جانب سے زیادہ چھکوں کا اعزاز شاہد آفریدی کو حاصل ہے۔ان کی تعداد صرف 21 ہے۔
ورلڈ ٹی 20 تاریخ میں سب سے زیادہ صفر
یہ ایک منفی ریکارڈ ہے،یہاں پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا پہلا نمبر ہے،وہ 34 میچز میں 5 بار اس ہزیمت سے دوچار ہوئے ہیں۔سری لنکا کے تلکرتنے دلشان 35 میچزمیں ان کے برابر یعنی 5 مرتبہ صفر پر گئے ہیں۔
ورلڈ ٹی 20 کپ تاریخ کا بہترین اسٹرائیک ریٹ
ورلڈ ٹی 20 کپ کی تاریخ کا مجموعی طور پر بہترین سٹرائیک ریٹ ویسٹ انڈیز کے چیمپئن کپتان ڈیرن سیمی کے پاس ہے،وہ25 میچزمیں 164 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے 215 اسکور کرچکے ہیں۔آسٹریلیا کے گلین میکسویل 160 اور پاکستان کے شاہد آفریدی 154 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
ورلڈ ٹی 20 کپ تاریخ کی زیادہ ففٹیز
ورلڈ ٹی 20 کپ میں زیادہ ففٹیز کا ریکارڈ بھارت کے ویرات کوہلی اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کو حاصل ہے۔کوہلی 16 میچز اور گیل 28 میچز میں 9،9 ہاف سنچریز کرچکے ہیں۔جے وردھنے 7 ففٹیز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔روہت شرما اور دلشان 6،6 ففٹیز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ کی بہترین بیٹنگ اوسط
بہترین بیٹنگ اوسط کے ساتھ اسکور کرنا بھی ایک اعزاز ہوتا ہے۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی 16میچزمیں 86 سے زائد کی اوسط سے بیٹنگ کرچکے ہیں۔مائیل ہسی جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے،نے 21میچزمیں 54 کی اوسط سے رن چراچکے ہیں۔ان 2 کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین 50سے زائد کی اوسط سے اسکور نہیں کرسکا ہے۔
ورلڈ ٹی 20 کی ٹاپ اننگ
آئ سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا اعزاز نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم کے پاس ہے،انہوں نے 21 ستمبر 2012 کو پالی کیلی میں بنگلہ دیش کے خلاف123 رنزکی اننگ کھیلی۔گیل 117 کے ساتھ دوسرے ٹاپ انفرادی اسکورر ہیں۔30 مارچ 2014 کو ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے خلاف احمد شہزاد کی کھیلی گئی 111 رنزکی اننگ چوتھا ٹاپ اسکور ہے جو اب بھی قائم ہے۔
ورلڈ ٹی 20 کپ میں زیادہ اسکور کس کا
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ تاریخ کے 6 ایڈیشن ہوچکے ہیں۔ایک ہی کھلاڑی ایک ہزار سے زائد اسکور کرسکا ہے۔سری لنکا کےمہیلا جے وردھنے 2007 سے 2014 تک کے31 میچزکی 31 اننگز میں 1016 اسکوربناکر پہلے نمبرپرہیں۔ویسٹ انڈیز کے کرس گیل28 میچزمیں 920 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔کرس گیل کے پاس اس بار آخری موقع ہوگا کہ وہ یہاں بھی پہلی پوزیشن لے جائیں اور ایک ایسا اسکور سیٹ کرجائیں جو سب کے لئے چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔بھارت کے ویرات کوہلی777 اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیںپاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی اور شعیب ملک 546 اسکورکرکے مشترکہ طور پر ٹاپ اسکورر ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ کی تیز ترین سنچری
یہ تو ذکر ہوچکا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ میں بڑی اننگ کس کی ہے۔سنچریز کس کی زیادہ ہیں لیکن یہ سوال بھی تو اپم ہوگا کہ تیز ترین سنچری کا اعزاز کسے حاصل ہے۔اس چیپٹر میں کرس گیل کا پہلا نمبر ہے۔2016کے ایونٹ میں انگلینڈ کے خلاف انہوں نے 48 بالز پر سنچری مکمل کی۔دوسرا نمبر بھی ان کا ہی ہے۔انہوں نے2007میں جنوبی افریقا کے خلاف 57 بالز پر یہ فگر عبور کیا۔
فاسٹسٹ ففٹی
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ میں تیز ترین ففٹی بھارت کے یووراج سنگھ نے 12 بالز پر مکمل کی ہوئی ہے۔انہوں نے 2007 کے پہلے ورلڈ ٹی 20 کپ میں انگلینڈ کے خلاف یہ ریکارڈ حاصل کیا۔
ورلڈ ٹی 20 کی تاریخ کی سب سے بڑی بیٹنگ شراکت
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ تاریخ میں سب سے بڑی شراکت کا اعزاز سری لنکا کے پاس ہے،اس کے ہٹرز مہیلا جے وردھنے اورکمار سنگا کارا نے دوسری وکٹ پر 176 اسکور بنائے تھے۔یہ ریکارڈ 2010 کے ورلڈ ٹی 20 کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بناتھا۔انگلینڈ کے ہیلز اور مورگن دوسری وکٹ پر 152 اسکور کرچکے ہیں۔یہ 2014میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ بنا۔