اسلام آباد 17 اگست 2024،پی سی بی،کرک اگین
پاکستان میں ٹیسٹ ،ٹاپ اسپنر ابرار احمد باہر،سب پریشان
اسپنر ابرار احمد کو پاکستان ٹیسٹ سائیڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے اور وہ اب بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے جو منگل 20 اگست سے اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا۔
یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ سلیکٹرز نے بدھ 21 اگست سے بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ٹیسٹ میں مکمل طور پر پیس اٹیک کے ساتھ جانے کا انتخاب کیا ہے۔
سلیکٹرز نے ابرار احمد کو ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانے کے بجائے پاکستان شاہینز اسکواڈ میں شامل کیاہے تاکہ وہ 30 اگست کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل کچھ میچ پریکٹس حاصل کر سکیں۔
ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام دوسرے کھلاڑی ہیں جنہیں پاکستان ٹیسٹ ٹیم سے ریلیز کیا گیا ہے اور انہیں دوسرے چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کی ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل تھے۔
اس کا مطلب ہے کہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ اب 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا لیکن دوسرے چار روزہ میچ کے اختتام کے بعد جب ابرار احمد اور کامران غلام دوسرے ٹیسٹ کے لیے دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہوں گے تو وہ 17 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
پاکستان شاہینز ٹیم کا حصہ رہنے والے میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، صائم ایوب، سرفراز احمد اور سعود شکیل اب ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ محمد رمیز جونیئر دوسرے چار روزہ میچ کے لیے باہر ہو گئے ہیں۔
دوسرے چار روزہ میچ کے لیے شاہینز میں ان آٹھ کھلاڑیوں کی جگہ ابرار احمد، علی زریاب، اویس انور، امام الحق، نیاز خان، قاسم اکرم، روحیل نذیر اور شرون سراج کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان شاہینز اسکواڈ (دوسرے چار روزہ کے لیے) ۔
کامران غلام (کپتان)، ابرار احمد، علی زریاب، غلام مدثر، امام الحق، مہران ممتاز، محمد اویس انور، نیاز خان، قاسم اکرم، روحیل نذیر (وکٹ کیپر) سعد بیگ (وکٹ کیپر) سعد خان، شرون سراج اور عمر امین۔