لاہور 16 جون، 2023،پی سی بی میڈیا ریلیز
جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم اس سال اگست ستمبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ جنوبی افریقی ٹیم کے اس دورے سے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے 24-2023 ء سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم اس دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ25-2023 کے سلسلے کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔کراچی میں یہ میچز یکم سے 14 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔پاکستان اس وقت تین سیریز میں 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل کر 5 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی ایک سیریز کھیلی ہے اور اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔
یاد رہے کہ 16-2014 کی پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف شارجہ میں سیریز کھیلی تھی جو جنوبی افریقہ نے دو ایک سے جیتی تھی جبکہ 20-2017 کی چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا وہ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی سیریز کا تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل بینونی میں ٹائی ہوگیا تھا۔
حالیہ برسوں کے دوران جو بڑی ٹیمیں پاکستان آئی ہیں ان میں جنوبی افریقہ چوتھی بڑی ٹیم ہوگی ۔ جنوری 2019ء میں ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے۔مئی اور نومبر 2022ء میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں کراچی اور لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلی تھیں اس کے علاوہ سات ممالک کی گیارہ کرکٹرز نے جن میں تین کپتان بھی شامل ہیں اس سال مارچ میں خواتین لیگ کے تین نمائشی میچوں میں حصہ لیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کے خلاف سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی ان پانچ سیریز میں ایک ہے جو پاکستانی ٹیم24-2023 کے سیزن میں کھیلے گی۔ اکتوبر میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ نومبر میں وہ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہوگی جبکہ مئی 2024ء میں اسے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔پاکستان اپریل 2024ء میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔
اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پاکستانی خواتین ٹیم اگلے بارہ ماہ کے دوران آئی سی سی چیمپئن شپ کے پندرہ ون ڈے انٹرنیشنل اور سترہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ امکان ہے کہ پاکستانی ٹیم ستمبر میں چین کے شہر ہانگ ژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی حصہ لے۔ یاد رہے کہ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے 2010میں گوانگ ژو اور 2014میں انچیون میں منعقدہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ویمنز ونگ نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی غرض سے اکتوبر میں ویسٹ انڈیزایمرجنگ ٹیم کے خلاف اور بنگلہ دیش ایمرجنگ کے خلاف جنوری میں دو ایمرجنگ سیریز بھی شیڈول کی ہیں۔ویسٹ انڈیز ایمرجنگ کے خلاف پاکستان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ بنگلہ دیش کے دورے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز ندا ڈار کی بحیثیت کپتان پہلی سیریز ہوگی۔وہ ابتک 99 ون ڈے انٹرنیشنل اور130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستانی ویمنز ٹیم کے لیے اگلے بارہ ماہ بہت مصروف ہیں اور وہ آنے والے میچوں کے سلسلے میں بہت ُپرجوش ہیں۔ان میچوں سے کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا اور ایکسپوژر ملے گا۔