لاہور 16 جنوری، 2024:ء
علی رضا کون،انڈر 19 ورلڈ کپ میں ایک نئے فاسٹ باؤلر کا طلوع
نوجوان باصلاحیت فاسٹ بولر علی رضا کی نظریں مستقبل میں عظیم فاسٹ بولر بننے پر لگی ہوئی ہیں۔ اسی لیے وہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں ایسی پرفارمنس دکھانے کے لیے ُپرعزم ہیں جو آنے والے برسوں میں ان کے خواب کی تکمیل میں مدد دے سکے۔
شیخوپورہ شہر سے تعلق رکھنے والے علی رضا کا پاکستان انڈر 19 ٹیم تک کا سفر چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور اپنی شناخت بنانے سے کم نہیں رہا ہے۔
ابتدائی طور پر انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے مواقع میسر آنے کے لیے سخت کوشش کرنی پڑی۔ چھوٹی عمر میں اس کھیل کے لیے جنون پیدا کرنے کے بعد اسکول کے دنوں میں کرکٹ ٹورنامنٹس میں کھیلنے کی کوششوں میں وہ اکثر سلیکٹ نہ ہوسکے۔ سپورٹ کی کمی سے مایوس ہونے کے بجائے وہ اپنے مقصد پر قائم رہے اور آخر کار انہیں مقامی ٹیپ بال ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع مل گیا۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے علی رضا نے کہا: ” کسی بھی مقامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے مجھے اپنے خرچ پر قریبی علاقوں میں کھیلنے کے لیے جانا پڑتا تھا۔ تاہم حصہ لینے والی ٹیمیں مجھے موقع نہیں دیتی تھیں لیکن میں ڈٹا رہا اور اپنے موقع کا انتظار کرتا رہا۔ ایک موقع پر مجھے دو اوورز ملے اور میں نے انہیں اپنی صلاحیتوں سے متاثر کیا۔ اس کے بعد میں نے اپنے دوستوں کا اعتماد حاصل کیا اور اکثر مقامی ٹیم کے ٹورنامنٹ جیتے۔
علی رضا کی ہارڈ بال کرکٹ میں آمد اس وقت ہوئی جب ایک دوست نے انہیں ایک سابق فرسٹ کلاس کرکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا جنہوں نے انہیں رانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں داخل کروا دیا۔ وہاں انہوں نے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر رانا نوید الحسن سے بھی ملاقات کی جنہوں نے علی رضا کی اس کھیل کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں حوصلہ افزائی کی۔
علی لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈر 16 کیمپ کے دوران کوچز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جس کی وجہ سے وہ ایج گروپ کرکٹ میں متعارف ہوئے۔ انہوں نے نیشنل انڈر 16 کپ 2021 کھیلا اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 2022 میں سنٹرل پنجاب بلوز انڈر 19 ٹیم کا حصہ بنے۔ نومبر 2022 میں بنگلہ دیش انڈر 19 کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 میں آنے سے پہلے علی رضا نے محمد مسرور سے مفید رہنمائی حاصل کی جو اس وقت پاکستان انڈر 19 کے اسسٹنٹ بیٹنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
علی رضا نے کہا کہ مسرور بھائی نے مجھے بہت سپورٹ کیا ہے وہ میری بولنگ کا تجزیہ کرنے اور مختلف ویری ایشن کے ساتھ میری صلاحیت بڑھانے کے لیے بہت مدد گار ثابت ہوئے۔ انہوں نے پاکستان جونیئر لیگ میں میری مسلسل نگرانی کی۔
علی رضا نے نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 24-2023 میں سیالکوٹ انڈر 19 کے لیے 13.24 کی اوسط سے چار میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں اور اکتوبر 2023 میں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ میں شامل تھے۔
جنوبی افریقہ میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے بارے میں علی رضا کا کہنا ہے کہ ہم نے جنوبی افریقہ روانگی سے قبل کیمپ میں ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم شائقین کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے چیمپئن بنیں گے۔