کراچی 28 اپریل ۔پی سی بی میڈیا ریلیز
ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 7 وکٹوں سے جیت لیا۔اسطرح پانچ میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو دو صفر کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ جمعہ کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے ایک رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اتوار کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔پاکستان ویمنز کی اننگز میں منیبہ علی 47 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں تاہم ان کے علاوہ کسی دوسری بیٹر کی طرف سے قابل ذکر کارکردگی دیکھنے میں نہیں آئی۔ گل فیروزہ 14 اور کپتان ندا ڈار 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔سدرہ امین 10 اور عالیہ ریاض 8 رنز بناپائیں۔ویسٹ انڈیز ویمنز کی طرف سے کپتان ہیلی میتھیوز نے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے 18.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
کپتان ہیلی میتھیوز کی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی قابل ذکر کارکردگی دکھاتے ہوئے دس چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ اور شیمین کیمبل کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔ کیمبل نے 21 رنز بنائے۔ہیلی میتھیوز پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل منگل کو کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور۔
پاکستان ویمنز 121رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) منیبہ علی 55۔ گل فیروزہ 14۔ ہیلی میتھیوز 25/ 3 وکٹ
ویسٹ انڈیز ویمنز 124 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ( 218. اوورز ) ۔ ہیلی میتھیوز 58 ۔ ڈیانا بیگ 22 / 1وکٹ
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز نے 7 وکٹوں سے جیتا۔