لاہور۔کرک اگین رپورٹ۔ اعظم خان کے متعدد کیچز ڈراپ کرکے محمد رضوان کی ٹیم راولپنڈی پنڈیز کو پی ایس ایل 11 میں مسلسل دوسری شکست۔کراچی کنگز نے جیت کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ ایک بار پھر پی ایس ایل 11 پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن واپس بنالی ہے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کراچی کنگز نے راولپنڈی پنڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔اس سے قبل ایک اور میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ کو ہراکر رواں سیزن میں پہلی جیت حاصل کی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں دن کے دوسرے اور پی ایس ایل 11 کے 10 ویں میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ راولپنڈی پنڈیز سے تھا۔کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا انتخاب کیا اور محمد رضوان کی کپتانی میں کھیلنے والی پنڈیز کو شروع میں جھٹکا دیا،جب 55 پر 3 ٹاپ وکٹیں گرادیں۔یاسر خان 8،محمد رضوان 21،کامران غلام 10 کرسکے۔یہاں سے ڈیرل مچل سیم بلنگز نے کمان سنبھالی اور 12 اوورز میں 120 رنزکی شاندرا شراکت بنائی۔سیم بلنگز 35 بالز پر 58 اورڈیرل مچل 41 بالز پر 65 رنزکرکے آئوٹ ہوئے۔پنڈیز نے 6 وکٹ پر 197 رنز کا اچھا ٹوٹل سیٹ کیا۔حسن علی نے شاندار بائولنگ کی اور 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔خوشدل شاہ نے 37 رنز دے کر 2 آئوٹ کئے۔
جواب میں کراچی کنگز نے 198 رنزکا ہدف قبول کیا اور محمد وسیم 11 بالز پر 23 کرگئے۔سلمان آغا 24 بالز پر 29 کرسکے 70 پر 2 ہی آئوٹ تھے۔یہاں سے ڈیوڈ وارنر اور اعظم خان نے چارج سنبھالا اور تیسری وکٹ پر 76 رنزکی شراکت بناددی۔کپتان ڈیوڈ وارنر36 بالز پر 50 کرکے آئوٹ ہوئے۔اعظم خان کے 2 کیچز ڈراپ کئے گئے۔نتیجہ میں کنگز کے امکانات بڑھے۔اننگ کا 17 واں اور اپنا تیسرا اوور کروانے والے نسیم شاہ بال کرتے ہوئے کمر کی تکلیف کے سبب باہر جانے پر مجبور ہوگئے۔کراچی کو 3 اوورز میں اب 26 رنز بنانے تھے۔اعظم خان ففٹی پلس کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔پنڈیز نے اعظم خان کی جب وکٹ لی تو دیر ہوچکی تھی۔188 کے سکور پر 19 ویں اوور میں وہ 34 بالز پر 74 رنز بناکر گئے۔انہوں نے6 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔کراچی کنگز نے ہدف 19.4 اوورز میں 5 وکٹ پر مکمل کرکے مچ 5 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری جیت تھی اور 6 پوائنٹس کے ساتھ اب وہ پھر پہلے نمبر پر ہیں۔
ڈیرل مچل نے 3 وکٹیں لیں۔ان۔کی آل راؤنڈر پرفامنس کام نہ آئی۔
اس سے قبل دن کے پہلے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے 9 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھولا۔میچ کی خاص بات 2 بیٹرز کی شاندار اننگز تھیں۔بائولنگ لائن دونوں جانب فلاپ رہی۔کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹ پر 183 رنز بنائے۔قذافی سٹیڈیم لاہور کے دن کے میچ میں یہ کم سکور تھا۔ایک موقع پر اس کے 93 پر 5 کھلاڑی قریب 12 اوورز میں پویلین میں تھے۔سعود شکیل 26 پر 42،شامل حسین 15 پر 21خواجہ نافع 14 پر 18 اور بین میکڈرمٹ 3 اوربیون جیکبز صفر پر آئوٹ ہوئے۔اس کے بعد حسن نواز اورٹام کرن نے کریز سنبھالی۔دونوں نے عمدہ بیٹنگ کی اور کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔49 بالز پر 90 رنزکی ناقابل شکست شراکت نے ٹیم کا سکور 5 وکٹ پر183 رنز کردیا۔حسن نواز36 بالز پر 66 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ لوٹے،جبکہ ٹام کرن نے22 بالز پر 29 کئے۔شاداب خان نے4 اوورز میں صرف 23 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔سلمان ارشاد اور عماد وسیم کی ایک ایک وکٹ تھی۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سمیر منہاس اور شاداب خان کی لاجواب بیٹنگ اور تیسری وکٹ پر 128 رنزکی ناقابل شکست شراکت نے 10 بالیں قبل 8 وکٹ کی بڑی معتبر جیت دلوادی۔سمیر منہاس 48 بالز پر 82 کے ساتھ ناقابل شکست تھے۔انہوں نے3 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔شاداب خان نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 39 بالز پر 69 رنزکی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ابرار احمد نے 4 اوورز میں 29 رنزکے عوض 2 وکٹ لے کر کچھ بہتر کیا۔باقی سب ناکام تھے۔
اس کامیابی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آیا۔
جمعہ 3 اپریل کو پی ایس ایل 11 کا 11 واں میچ ملتان سلطانز اورلاہور قلندرز کے درمیان لاہور ہی میں ہوگا۔
