پرتھ 11 دسمبر ۔پی سی بی میڈیا ریلیز
کینبرا میں جان بوجھ کر مایوس کن انتظامات کئے گئے،حفیظ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے تیار ہے۔ ہم یہاں مقابلہ کرنے نہیں بلکہ آسٹریلیا کو ہرانے کی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ چودہ دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔
محمد حفیظ نے پرتھ میں پاکستان ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کینبرا میں چار روزہ میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی کیونکہ وہ پچ بہت سلو تھی جس پر اب تک ہم آسٹریلیا میں کھیلے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو تاہم وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی یہ ٹیم اس ٹیسٹ فارمیٹ میں سیٹ ہوچکی ہے اور اس نے اپنے ملک کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ ٹیم چیلنج قبول کرنے کے لیے پرجوش ہے اور آسٹریلیا میں اچھا کھیلنا ان کے لیے بہت اچھا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم آسٹریلیا کو یہاں ہرانے آئے ہیں مقابلہ کرنے کے لیے نہیں۔ اس ٹیم میں ٹیلنٹ ہے۔ہم نے اپنی تیاری میں متعدد باکس ٹک کیے ہیں۔لڑکے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پرجوش ہیں اور یہاں وہ جیتنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابرار احمد ان فٹ ہوگئے ہیں لیکن باقی لڑکے فٹ اور پوری طرح اس سیریز کے لیے تیار ہیں۔ ابرار احمد پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ان کا ری ہبلیٹیشن جاری ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک فٹ ہوجائیں گے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ نیتھن لائن ایک بڑے بولر ہیں۔انہوں نے اپنے ملک کے لیے ٹیسٹ جیتے ہیں لیکن ہم عام طور پر آف اسپنر کو اچھا کھیلتے ہیں اور آخری کی چند سیریز میں ہم نے ان کے خلاف زیادہ رنز کیے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس سیریز میں بھی ہمارے کھلاڑی ان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔