لاہور۔کرک اگین رپورٹ
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا پہلا میچ 37 رنز سے جیت لیا ہے۔ قذافی سٹیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور سات وکٹ پر 201 رنز بنائے ۔پاکستان کی طرف سے اننگ کی خاص بات اوپنرز کی ناکامی تھی۔ فخر زمان ایک ،صائم ایوب صفر پر گئے ۔پاکستان کی دو وکٹیں پانچ رنز پہ گری تھیں ۔
تیسری وکٹ 53 رنز پر گری جب محمد حارث 31 رنز بنا کر گئے۔ پاکستان کو صحیح مدد اس وقت ملی جب سلمان علی آغا کے ساتھ حسن نواز نے ساتھ دیا اور 118 تک سکور لے گئے۔ اس کے بعد شاداب خان آئے اور انہوں نے بھی اچھی بیٹنگ کی۔ سلمان علی آغا 34 گیندوں پر 56، حسن نواز 22 گیندوں پر 44 اور شاداب خان 25 گیندوں پر48 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیل گئے تھے، جس کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم سات وکٹ پر 201 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے 32 رنز دیکر دو وکٹیں لیں۔ باقی بولرز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔جواب میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی اگر چہ پہلی وکٹ جلدی گر گئی، پرویز حسین چار رنز بنا سکے ۔اس کے بعد تنزید حسن نے 31 اور کپتان لٹن ڈاس نے 48 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔ ٹیم کی پوزیشن کچھ بہتر نظر آئی لیکن یہ دونوں کھلاڑی اوپر تلے آؤٹ ہوئے تو درمیان میں جا کر علی نے 36 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔ وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔بنگلہ دیش کی ٹیم 19.2 اوورز میں 164 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3.2 اوورز میں 30 رنز دے کر 5 وکٹیں لی اور شاداب خان نے 26 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔پاکستان 37 رنز سے جیت گیا۔پاکستان کو تین میچ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔