لاہور،کرک اگین رپورٹ
ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی رپورٹ آگئی،حفیظ کی سابقہ رپورٹ کی توثیق،ڈسپلن کی دھجیاں۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی غیر معمولی شکست کی تفصیلی وجوہات پر مبنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو بھجوادی ہے۔رپورٹ میں کھلاڑیوں کی سکلز،معلومات اور فٹنس پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ میں کھلاڑیوں کے ڈسپلن کے ایشوز بھی واضح ہیں۔
نام نہاد ٹیم منیجر وہاب ریاض بھی اپنی رپورٹ جمع کرواچکے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اس کی روشنی میں جلد ایکشن لیں گے۔
اہم نکتہ یہ ہے کہ گیری کرسٹن رپورٹ نے محمد حفیظ کی سابقہ رپورٹ،ان کے خدشات اور ان کے لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس وقت حفیظ کو ہی ڈائریکٹر ٹیم کے عہدے سے ہٹادیا تھا۔اب گیری کرسٹن کی یہ رپورٹ نہایت اہم ثابت ہوگی۔
گزشتہ سال کے آخرمیں دورہ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کیلئے اس وقت کے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ بنایا تھا لیکن دونوں دوروں میں ناکامی پر حفیظ نے سخت ایکشن لیا تھا اور یہی رپورٹ بنائی تھی،پھر وہ گھر بھیج دیئے گئے۔