ہوسٹن،کرک اگین رپورٹ
تاریخ رقم،بنگلہ دیش امریکا کو کرکٹ سپرپاوربناگیا،مسلسل دوسری شکست،سیریز بھی گئی۔سپرپاور امریکا ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل بڑاسپرپاور بن کرسامنے آرہاہے۔بنگلہ دیش کے خلاف 3 میچزکی باہمی سیریز کے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں کسی بڑی ٹیم کی طرح کا شاندار کھیل۔144 رنزکا معمولی ٹوٹل کرکے بھی اپنے سے کہیں تجربہ کار ٹیسٹ نیشن بنگلہ دیش کی ناک سے لکیریں نکلوادیں۔6 رنز سے ہراکر سیریز بھی جیت لی،تاریخ رقم۔
ہوسٹن میں بنگلہ دیش ایک موقع پر 4 وکٹ پر 106 رنز پر تھا۔124 سے 125 رنزکے اندر 1 رن کے فاصلے سے جب اس کی 3 وکٹیں گریں تو ایسا لگا کہ امریکی گیند باز جادو سیکھ گئے۔بنگلہ دیش یکدم 8 وکٹ پر 125 رنزپر تھا۔سومیا سرکار صفر پر گئے۔کپتان نجم الحسن 36 کرسکے۔توحید 25 اور شکیب الحسن 30 رنزبناکر چلتے بنے۔بنگلہ دیش کو آخری 12 بالز پر 15 رنز درکار تھے اور 2 وکٹیں باقی تھیں۔امریکا نے 132 پر شرف الاسلام کی وکٹ لے کر 9 آئوٹ کرکے سنسنی پھیلادی۔پھر آخری اوور میں12 رنز باقی تھے۔راشد حسین نے علی خان کے آخری اوور کی دوسری بال پر چوکا لگاکر سنسنی پھیلادی۔اگلی بال پر علی خان نے بنگلہ دیش پر قیامت ڈھادی،ٹیم 3 بالز قبل 138 رنزپر باہر ہوگئی۔امریکا 6 رنز سے جیت کر سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرگیا۔علی خان نے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل امریکا کرکٹ ٹیم پہلے کھیل کر 6 وکٹ پر 144 رنزبناسکی۔کپتان مونک پٹیل نے42 اور ارون جانسن نے 35 نمایاں رنز بنائے۔اسلام،راشد اور مستفیض نے 2،2 وکٹیں لیں۔