ہانگ کانگ 13 جون، 2023،کرک اگین رپورٹ
Image courtesy to ACC
ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں طوبٰی حسن اور سیدہ عروب شاہ کی عمدہ بولنگ نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو نیپال کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 9 رنز کی جیت سے ہمکنار کردیا۔
ہانگ کانگ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے19 اعشاریہ 2 اوورز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستانی بولرز اس کم اسکور کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور نیپال کی ٹیم بیس اوورز میں 6وکٹوں پر78 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
نیپال کی کپتان روبینہ چیتری نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی لیکن پہلے ہی اوور میں ایمان فاطمہ بغیر کوئی رن بنائے کبیتا کنور کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں۔
32 کے مجموعی اسکور پر کبیتا جوشی نے اپنے ایک ہی اوور میں صدف شمس( 12) اور نتالیہ پرویز( صفر ) کو آؤٹ کردیا جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔گل فیروزہ 11 ۔ ناجیہہ علوی 5 اور ام ہانی ایک رن بنا سکیں۔
کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بنائے۔
پاکستانی ویمنز ٹیم کی اننگز میں سب سے زیادہ 28 رنز شوال ذوالفقار نے اسکور کیے جس میں ایک چوکا شامل تھا۔
نیپال کی طرف سے فاسٹ بولر اندو برما نے تین اوورز میں صرف 6 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
کبیتا جوشی ۔ کبیتا کنور اور سیتا رانا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے سامنے نیپال کی ٹیم کے لیے ہدف تک پہنچنا ممکن نہ ہوسکا اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت مضبوط بنادی۔
آخری اوور میں نیپال کو جیتنے کے لیے سترہ رنز درکار تھے لیکن کپتان فاطمہ ثنا نے اس اوور میں صرف سات رنز دیے ۔کبیتا کنور 20 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔سیدہ عروب شاہ نے 16 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔طوبی حسن نے 23 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیپال کی کبیتا کنور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا انہوں نے20 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعرات کے روز ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور
پاکستان 87 رنزآل آؤٹ ( 19 اعشاریہ 2 اوورز ) شوال ذوالفقار 28 ۔ فاطمہ ثنا16۔ اندو برما6/3 وکٹ۔کبیتا کنور12/2 وکٹ۔ کبیتا جوشی 16/2وکٹ ۔ سیتا رانا 2/ 16 وکٹ۔
نیپال ۔ 78رنز6 کھلاڑی آؤٹ ( 20اوورز ) کبیتا کنور 20 ۔ سیدہ عروب شاہ16/2 وکٹ ۔طوبٰی حسن 23/2 وکٹ ۔