تاروبا،کرک اگین رپورٹ
ویسٹ انڈیز کی نیوزی لینڈ کیخلاف ناقابل یقین فتح،سپر 8 کنفرم،بلیک کیپس قریب باہر ہوگئے۔آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے گروپ سی سے ویسٹ انڈیز ٹیم نیوزی لینڈ کو ہراکر سپر 8 میں داخل ہوگئی ہے اور نیوزی لینڈ ٹیم حقیقی بنیادوں پر اخراج کے دروازوں پر ہے۔
نیوزی لینڈ نے ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کو بری طرح جکڑا ہوا تھا۔18 اوورز میں 9 وکٹوں پر 112 رنز تھے۔یہاں شیرفین ردر فرڈ نے نقشہ ہی بدل ڈالا اور آخری 2 اوورز میں 37 رنز چرالئے،جس کے بعد ٹوٹل 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 149 رنزہوگیا،پھر بھی زیادہ نہ تھا۔ردر فرڈ کا کمال یہ تھا کہ وہ چھٹے اوور میں بیٹنگ کیلئے آئے اور وکٹیں گرتے دیکھتے رہے۔نکولس پوررن 17 کرسکے تھے۔30 رنز پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم آئوٹ تھی۔کیویز خوشی سے چہک رہے تھے لیکن ردرفرڈ نے آخری 12 بالز پر 37 رنز چوری کئے اور ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹ پر 149 تک کردیا۔ردر فرڈ نے 39 بالزپر 68 رنزبنائے۔6 چھکے اور 2 چوکے تھے۔
ٹرینٹ بولٹ نے 16 رنز دے کر 3 اور ٹم سائوتھی نے21 رنز دے کر 2 وکٹیں لیںمچل سنٹنر کو 2 اوورز میں27 اور ڈیرل مچل کو ایک اوور میں 19 رنز پڑے۔دونوں نے آخری 2 اوورز کئے۔
جواب میں بلیک کیپس 100 رنز تک جانے کے بعد پاکٹ میں 4 وکٹیں رکھتے تھے۔رن ریٹ سلو تھا۔نتیجہ میں اننگ میں9 وکٹ پر 136 رنز تک محدود ہوئی۔گلین فلپس نے 33 بالز پر 40رنز کئے،کین ولیمسن ایک کرسکے۔فن ایلن نے 26 کئے۔الزاری جوزف نے 19 رنز دے کر 4 اورموٹی نے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
ویسٹ انڈیز 3 میچزمیں 6 پوائنٹس کے ساتھ سپر 8 میں کوالیفائی کیا ہے۔دوسرا تگڑا امیدوا افغانستان ہے ،جس کے 2 میچز میں 4 پوائنٹس ہیں۔نیوزی لینڈ کے 2 میچز میں صفر پوائنٹ ہے اور قریب وہ سپر 8 ریس سے باہر ہے،دس برس بعد آئی سی سی کے 7 ویںا یونٹ میں وہ پہلی بار فائنل 4 تک نہیں جاسکے گا۔