لاہور، 12 اکتوبر 2022ءپی سی بی میڈیا ریلیز
آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے 4 سے 16 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل اس سیریز میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اپنا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ 4 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔
مہمان اسکواڈ 29 اکتوبر کو لاہور پہنچے گا، جہاں وہ چار روز ٹریننگ کے بعد 4، 6 اور 9 نومبر کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گا۔
تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز 12، 14 اور 16 نومبر کو کھیلی جائے گی۔
تانیہ ملک، ہیڈ آف ویمنز کرکٹ پی سی بی
ہیڈآف ویمنز کرکٹ پی سی بی تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں کامیابی سے سری لنکا کی میزبانی کے بعد وہ اب لاہور میں آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لیے پرجوش ہیں۔
انہوں نے ویمنز کرکٹ فینز سے درخواست کی ہے کہ وہ یہ میچز دیکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔
سیریز میں شامل تمام ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز صبح دس بجے شروع ہوں گے۔