فیصل آباد 15 مارچ۔ پی سی بی میڈیا ریلیز۔نیشنل ٹی20 کپ،پشاور کے ہاتھوں لاہور وائٹس کو شکست۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے تیسرے میچ میں پشاور نے لاہور وائٹس کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
اقبال اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ کی خاص بات پشاور کےصاحبزادہ فرحان کی جارحانہ سنچری تھی۔ ان کی اس شاندار اننگز کی وجہ سے پشاور نے 182 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔صاحبزادہ فرحان نے جن کا یہ 100 واں ٹی ٹوئنٹی میچ تھا صرف59 گیندوں پر9 چوکوں اور9 چھکوں کی مدد سے 114 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جو ٹی ٹوئنٹی میں ان کی تیسری سنچری اور بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔انہوں نے معاذ صداقت کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز کا اضافہ کیا۔ معاذ صداقت نے 37 رنز بنائے جس میں5 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل لاہور وائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔لاہور وائٹس کی اننگز میں اوپنرز محمد سلیم اور محمد فائق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 54 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ محمد سلیم نے2 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کیے۔ محمد فائق نے 24 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جس کے بعد طیب طاہر نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے66 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔طیب طاہر اور سعد نسیم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کا اضافہ کیا۔ سعد نسیم نے ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
صاحبزادہ فرحان پلیئر آف دی میچ قرار دیے گئے۔