مشکل وقت،بڑا فیصلہ ،ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کیسے بچالیا۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے لیگ کو مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گوہر شاہ نے پی ایس ایل 11 کے تسلسل اور کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور انتظامی کوششیں کیں، جس کے باعث لیگ کے شیڈول پر برقرار رہنے کی راہ ہموار ہوئی۔ اس حوالے سے ان کا مؤقف واضح تھا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی کھیلے جانے چاہئیں، اور حالات کچھ بھی ہوں، لیگ کو جاری رہنا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پی ایس ایل 11 کے انعقاد کے لیے دو فرنچائزز نے بھرپور کردار ادا کیا، جن میں سب سے نمایاں کردار ملتان سلطانز کا رہا۔ ان کے مطابق، فرنچائزز کے تعاون کے بغیر لیگ کو موجودہ صورتحال میں آگے بڑھانا آسان نہیں تھا۔
مزید اہم بات یہ ہے کہ ملتان سلطانز کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کو جوائن کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے عدم شرکت یا اعتراض کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جو فرنچائز اور پی ایس ایل دونوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہیں:
• اسٹیو اسمتھ (آسٹریلیا)
• ایشٹن ٹرنر (آسٹریلیا)
• جوش فلپے (آسٹریلیا)
• لاچلن شا (آسٹریلیا)
• پیٹر سڈل (آسٹریلیا)
• تبریز شمسی (جنوبی افریقہ)
• ڈیلانو پوٹجیٹر (جنوبی افریقہ)
قبل ازیں محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پی ایس ایل 11 اپنے شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی، تاہم میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک انٹرنیشنل برانڈ ہے، اس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت کے باعث ایونٹ کو مؤخر کرنا ممکن نہیں تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ میچز صرف کراچی اور لاہور میں کرائے جائیں گے تاکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کم سے کم رہے۔
افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ فرنچائزز کو گیٹ منی پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا۔ ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو رقم واپس کی جائے گی۔
