کراچی 23 نومبر، 2023:ء،پی سی بی میڈیا ریلیز
نیشنل ٹی ٹوئنٹی جمعہ کے روز سے کراچی میں شروع ہورہا ہے۔اس ٹورنامنٹ میں اٹھارہ ٹیمیں شریک ہیں جن کے میچز چار مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے جن میں نیشنل بینک اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس، ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گراؤنڈ اور نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براڈکاسٹ ہونگے جبکہ غیرممالک کے لیے یوٹیوب پر لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایک دن میں دو میچز( ڈبل ہیڈر) سہ پہر تین بجے اور رات آٹھ بجے شروع ہونگے جن کے ٹاس ڈھائی بجے اور ساڑھے سات بجے ہوا کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت کردیا ہے جو حنیف محمد، جاوید میانداد اور فضل محمود انکلوژر میں بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں 32گروپ میچز ہونگے جو 24سے 28 نومبرتک کھیلے جائیں گے جس کے بعد سپر8 کا مرحلہ ہوگا۔
اٹھارہ ٹیموں کو چار گروپس میں رکھا گیا ہے۔
گروپ اے۔ لاہور وائٹس، پشاور، کراچی بلوز، لاڑکانہ اور کوئٹہ
گروپ بی۔ لاہور بلوز، کراچی وائٹس، اسلام آباد، حیدرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی۔
گروپ سی۔ راولپنڈی، ایبٹ آباد، فیصل آباد اور بہاولپور۔
گروپ ڈی۔ ملتان، سیالکوٹ، فاٹا اور آزادجموں کشمیر۔
پہلے روز لاہور وائٹس کا مقابلہ لاڑکانہ سے اور کراچی بلوز کا مقابلہ پشاور سے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔گروپ بی میں کراچی وائٹس کا مقابلہ اسلام آباد سے اور حیدرآباد کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی سے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔ گروپ سی میں راولپنڈی کامقابلہ ایبٹ آباد سے اور فیصل آباد کا مقابلہ بہاولپور سے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔گروپ ڈی میں ایچ پی سی اوول میں ملتان بمقابلہ سیالکوٹ اور فاٹا بمقابلہ آزاد جموں کشمیر ہوگا۔
ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی جو یکم سے آٹھ دسمبر تک راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔دونوں سیمی فائنلز 9 دسمبر کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے اور رات آٹھ بجے کھیلے جائیں گے۔ فائنل 10 دسمبر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔
فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے رنرزاپ ٹیم کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو ڈھائی لاکھ روپےملیں گے۔اتنی ہی رقم تین مختلف ایوارڈز، ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کے لیے رکھی گئی ہے۔
سپر ایٹ مرحلے کے ہر مین آف دی میچ اور سیمی فائنلز کے پلیئر آف دی میچ کو پچیس ہزار روپے جبکہ فائنل کے پلیئر آف دی میچ کو پچاس ہزار روپے ملیں گے۔
پی سی بی کے 2014 کے آئین کی بحالی کے بعد یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ چھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا گیا تھا جو سندھ کی ٹیم نے خیبر پختونخوا کو آٹھ ہراکر پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا۔خیبر پختونخوا کی ٹیم جو لگاتار دو ٹورنامنٹ جیتی تھی اس شکست کی وجہ سے ہیٹ ٹرک نہیں کرپائی تھی۔