ویلنگٹن،کرک اگین رپورٹ
نیوزی لینڈ میں پرواز کرتی انگلش ٹیم کو کیویز نے جکڑلیا،فالوآن کے بعد حیران کن واپسی۔انگلینڈ کی پرواز کرتی ٹیم کو نیوزی لینڈ میں پہلی بار تھکاوٹ اور غیر متوقع جھٹکوں کا سامنا ۔کیوی بیٹرز نے پورا دن گزار کر حریف کیمپ کو پریشان کردیا ہے۔
ویلنگٹن میں جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر میچ دلچسپ ہوگیا ہے۔پہلی اننگ میں محض 209 پر آئوٹ ہونے،226 رنزکے خسارے میں جانے،فالو آن ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ کو دوسری اننگ میں بیٹنگ پر مجبور ہونا پڑا لیکن اس کے بعد مہمان ٹیم کا اننگ سے جیتنے کا خواب بکھر گیا،اس لئے کہ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگ میں 3 وکٹ پر 203 اسکور بنالئے ہیں۔یوں اسے انگلینڈ کا خسارہ دور کرنے کے لئے اب صرف24 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔
ٹام لیتھم اور ڈیوون کونوے نے53 اوورز کی بیٹنگ کرکے 149 رنزکا آغاز فراہم کیا۔کونوے 61،ٹام لیتھنم 83 رنزبباکر آئوٹ ہوئے۔ول ینگ 8 کرسکے لیکن اس کےباوجود ٹیم نے 83 اوورز کی لمبی بیٹنگ کی اور 3 ہی وکٹ پر 203 اسکور کئے۔کین ولیمسن 25 اور ہنری نکولس 18 پرکھیل رہے تھے۔
اس سے قبل دن کے آغاز میں نیوزی لینڈ ٹیم پہلی اننگ میں 7 وکٹ پر 137 رنز سے 209 پر ٓآل آئوٹ ہوئی۔کپتان ٹم سائوتھی نے73 کی اننگ کھیلی۔جمی اینڈرسن نے 4 وکٹیں لیں۔انگلینڈ نے 435 رنز 9 وکٹ پر اننگ ڈکلیئر کی تھی۔سیریز میں انگلش ٹیم کو 0-1 کی برتری ہے۔