کراچی،پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان ویمنز ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی کے لیے ُپرعزم۔
پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کل ویسٹ انڈیز کے خلااف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ کرے گی۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے تین صفر سے جیتی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی میچز شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے ٹاس شام سات بجے ہوگا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 28اپریل کو ہوگا تیسرا میچ 30اپریل کو کھیلا جائے گا۔ چوتھا اور پانچواں میچ بالترتیب 2 اور 3 مئی کو ہونگے۔
ون ڈے سیریز کی طرح ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی A Sports HD اور Geo Super پر براہ راست نشر کی جائے گی اور ARY ZAP، Tamasha اور Tapmad پر بھی ملک بھر میں لائیو اسٹریمنگ ہو گی۔ صرف خواتین شائقین اور اہل خانہ کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہے اور وہ جاوید میانداد انکلوژر سے کھیل سے لطف اندوز ہو سکتی ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ہم ون ڈے سیریز میں اپنی پرفارمنس سے مایوس ہیں اور ہمارا مقصد اپنی غلطیوں کو سدھارنا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مضبوط کارکردگی دکھانا ہے۔ایک ٹیم کے طور پر ہم اس سیریز کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، خاص طور پر ورلڈ کپ کے سال میں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر اس مختصر فارمیٹ میں اچھے نتائج دکھائے ہیں اور ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیں گے۔
ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کا کہنا ہے کہ اسکواڈ اور منیجمنٹ ون ڈے سیریز کے نتائج سے خوش ہیں اور ہم اسے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی جاری رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مقابلہ کرنے والی ٹیم ہے ان کی ٹیم میں بولنگ کی طاقت کے ساتھ ساتھ اس فارمیٹ میں میچ جیتنے والی متعدد کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ون ڈے سیریز میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے مطمئن ہوں اور ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد دینے کے لیے اس فارم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں لے جانے کی کوشش کروں گی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی کلیر پولوساک سیریز میں آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں ان کے ساتھ فیصل آفریدی، فاروق علی خان اور طارق رشید ہوں گے۔ عافیہ امین، حمیرا فرح اور سلیمہ امتیاز فورتھ امپائر کے طور پر موجود ہوں گی۔ میچ آفیشلز کے پینل کی قیادت محمد جاوید ملک کریں گے۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ۔
ندا ڈار (کپتان) عالیہ ریاض ۔ عائشہ ظفر۔ ڈیانا بیگ ۔ فاطمہ ثنا۔ گل فیروزہ ۔ منیبہ علی (وکٹ کیپر) نجیہہ علوی (وکٹ کیپر) نشرہ سندھو۔نتالیہ پرویز۔ رامین شمیم ۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔طوبیٰ حسن اور ام ہانی
ویسٹ انڈیز ٹیم-
ہیلی میتھیوز (کپتان ) شیمین کیمبل (نائب کپتان) آلیا ایلین۔ ایفی فلیچر شیڈین نیشن۔ شیری این فریزر۔ شنیل ہنری۔ جنیلیا گلاسگو۔ کرشما رامارک ۔ کیٹ ولموٹ ۔ قیانا جوزف۔ رشادا ولیمز ۔ اسٹیفنی ٹیلر اور زیڈا جیمز اور شمیلیا کونیل۔
سیریز کا شیڈول:
18 اپریل پہلا ون ڈے (ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 113 رنز سے ہرا دیا)
21 اپریل دوسرا ون ڈے (ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دو وکٹوں سے ہرا دیا)
23 اپریل تیسرا ون ڈے (ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 88 رنز سے ہرا دیا)
26 اپریل پہلا ٹی ٹوئنٹی۔
28 اپریل دوسرا ٹی ٹوئنٹی ۔
30 اپریل تیسرا ٹی ٹوئنٹی
2 مئی چوتھا ٹی ٹوئنٹی
3 مئی پانچواں ٹی ٹوئنٹی