کراچی 27 اگست، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا دوسرا اجلاس چیرمین ذکا اشرف کی صدارت میں اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔کمیٹی کے دس میں سے دو ارکان مصطفی رمدے اور ذوالفقار ملک اجلاس میں آن لائن کے ذریعے شریک ہوئے۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اجلاس کراچی میں منعقد کرنے پر ذکا اشرف کے اس اقدام کو سراہا۔منیجمنٹ کمیٹی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کا تعلق کرکٹ آپریشنز۔ ڈیولپمنٹ کرکٹ کے ڈھانچے اور حکمت عملی کے متعدد اقدامات سے ہے تاکہ ملک میں کرکٹ کی ترقی اور کامیابی کا عمل جاری رہے۔
کمیٹی کے ارکان نے متفقہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی سال 2023-24 کا بجٹ منظور کرلیا۔چیرمین ذکا اشرف نے ارکان کو آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے آئی سی سی کے فنانشل ماڈل سے متعلق ہونے والی اپنی گفتگو کے بارے میں بھی ارکان کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے آئی سی سی کی میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے مفادات کا دفاع کیا۔ منیجمنٹ کمیٹی کے ارکان نے ذکا اشرف کی اس سلسلے میں حکمت عملی کی تعریف کی اور اسے سراہا۔
منیجمنٹ کمیٹی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف سیریز جیتنے اور ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی نمبر ایک ٹیم بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر قومی سلیکشن کمیٹی کے چیرمین انضمام الحق منیجمنٹ کمیٹی کی دعوت پر اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔منیجمنٹ کمیٹی نے انضمام الحق اور سلیکشن کمیٹی کو مبارکباد دی اور ایشیا کپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
منیجمنٹ کمیٹی نے ویل چیئر کرکٹ ایسوسی ایشن اور بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی حالیہ عمدہ کارکردگی کی روشنی میں دونوں کے لیے ستر ستر لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ دونوں ایسوسی ایشنوں سے وابستہ کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع مل سکیں۔ بلائنڈ ٹیم نے برمنگھم میں منعقدہ ورلڈ گیمز میں گولزڈ میڈل جیتا ہے۔
منیجمنٹ کمیٹی نے شائقین کے لیے سہولتوں میں بہتری کے ضمن میں یہ فیصلہ کیا کہ مختلف اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں کرسیاں نصب کی جائیں گی اور ان کی مرمت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرسیوں کی تنصیب بھی شامل ہے اس اقدام کا مقصد شائقین آرام دہ نشتوں پر بیٹھ کر کھیل کے لمحات سے لطف اندوز ہوسکیں۔اجلاس میں اسٹیڈیمز میں سولر پینلز کی تنصیب کی تجویز بھی پیش کی گئی جسے غوروخوص کے بعد منظور کرلیا گیا۔