پاکستان کپ : پشاور، کراچی وائٹس، ملتان اور فاٹا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں
لاہور 13 نومبر، 2023:ء ،پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ پشاور، کراچی وائٹس، ملتان اور فاٹا نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ پشاور کی ٹیم سات میں سے پانچ میچ جیت کر گیارہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی ۔کراچی وائٹس اور ملتان نے نو نو پوائنٹس حاصل کیے جبکہ فاٹا اور راولپنڈی کے آٹھ آٹھ پوائنٹس رہے تاہم فاٹا نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
پہلا سیمی فائنل 16 نومبر کو پشاور اور فاٹا کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 17 نومبر کو کراچی وائٹس اور ملتان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کپ کے ساتویں راؤنڈ میں فاٹا، کراچی وائٹس، فیصل آباد، اور ملتان نے کامیابی حاصل کی۔
ان میچوں کی خاص بات شرجیل خان کی جارحانہ سنچری، شان مسعود کے 99 رنز اور عثمان شنواری کی پانچ وکٹیں تھیں۔
میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس نے لاہور بلوز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ یہ میچ گیلی کنڈیشنز کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا اور اسے چالیس اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ کراچی وائٹس نے ٹاس جیت کر لاہور بلوز کو بیٹنگ دی جس نے 40 اوورز میں 9 وکٹوں پر 197 رنز بنائے۔
حسین طلعت نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے51 رنز اسکور کیے۔دانش عزیز، میرحمزہ اور سہیل خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی وائٹس نے ہدف 28.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
شان مسعود صرف ایک رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ انہوں نے 68گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے99 رنز بنائے۔دانش عزیز 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں فیصل آباد ریجن نے لاہور وائٹس کو 102 رنز سے ہرادیا۔
فیصل آباد ریجن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے۔محمد فیضان نے آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔محمد عرفان خان نے بھی 70 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔عامرجمال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور وائٹس کی ٹیم 43.4 اوورز میں 191 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔طیب طاہر 46 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، سعد نسیم نے 41 رنز بنائے۔خرم شہزاد نے 37 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں فاٹا ریجن نے پشاور ریجن کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔
فاٹا نے ٹاس کر پشاور کو بیٹنگ دی جو 33 اوورز میں صرف 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کا سبب عثمان شنواری کی شاندار بولنگ تھی۔ انہوں نے آٹھ اوورز میں صرف 14 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ نیاز خان چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
فاٹا نے 25.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔سمیع اللہ جونیئر نے 74 گیندوں پر 64 رنز اسکور کیے جس میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان ریجن نے راولپنڈی ریجن کے خلاف 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
ملتان نے ٹاس جیت کر راولپنڈی کو بیٹنگ دی جس نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔حیدرعلی نے 70گیندوں پر 78 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔عبدالفصیح نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے68 رنز اسکور کیے۔ زاہد محمود نے39 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔شرون سراج اور عمران رندھاوا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان نے شرجیل خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ اسکور 43.2 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ شرجیل خان نے 84گیندوں پر 106 رنز بنائے ۔ ان کی اس اننگز میں7 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
شرون سراج نے 63 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔