ڈارون ( آسٹریلیا ) 8 اگست، 2023
پاکستان شاہینز نے دورۂ آسٹریلیا میں اپنے پہلے ون ڈے میچ میں پاپوا نیوگنی کو 224 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 323 رنز بنائے جس میں اذان اویس اور عرفات منہاس کی نصف سنچریاں قابل ذکر تھیں ۔جواب میں پاپوا نیوگنی کی ٹیم 22 اوورز میں صرف 99 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فیصل اکرم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کے اوپنرز اذان اویس اور شامل حسین نے اپنی ٹیم کو86 رنز کا ُپراعتماد اسٹارٹ دیا۔شامل حسین سات چوکوں کی مدد سے 45رنز اتنی ہی گیندوں پر بناکر آؤٹ ہوگئے۔اذان اویس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 94 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے شامل تھے۔انہوں نے وہاج ریاض کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ وہاج ریاض نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے36 رنز اسکور کیے۔عرفان خان نے چار چوکوں کی مدد سے41 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد عرفات منہاس اور احمد خان کے درمیان 74 رنز کی ساتویں وکٹ کی شراکت نے پاکستان شاہینز کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔
عرفات منہاس نے 34گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے56 رنز بنائے جبکہ احمد خان 31رنز بنانے میں کامیاب رہے۔پاپوا نیوگنی کی طرف سے چارلس امینی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی بولرز نے پاپوا نیوگنی کے کسی بھی بیٹر کو قدم جمانے کا موقع نہیں دیا اور 22 اوورز میں صرف 99 رنز پر اس کی بساط لپیٹ دی۔پاپوا نیوگنی کی طرف سے اسداللہ والا 23 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے فیصل اکرم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف سترہ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔احمد خان نے تین اور عامر حسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے آسٹریلوی دورے میں چھ ٹیموں کے ٹی ٹوئٹی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا تھا ۔ وہ بدھ کے روز اس دورے کا دوسرا اور آخری ون ڈے میچ ناردن ٹیریٹری اسٹرائیک کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز ۔ 323 رنز8 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) اذان اویس72 ۔ عرفات منہاس 56۔ شامل حسین 45۔محمد عرفان خان 41 ۔ چارلس امینی 61 / 3وکٹ۔
پاپوا نیوگنی۔ 99 رنز ( 22 اوورز ) ۔ اسداللہ والا 23۔ فیصل اکرم 17 / 5 وکٹ ۔ احمد خان 40 / 3 وکٹ ۔ عامرحسن24 / 2 وکٹ۔