S
تیسرا ویمنز ٹی ٹوئنٹی : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 رنز سے ہرادیا
پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی بر
کراچی 30 اپریل، 2024
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ویمنز ،تیسرے ٹی 20 کا نتیجہ پہلے میچ کا،کہانی مکمل
سدرہ امین کے کریئر بیسٹ 63 رنز بھی پاکستان ویمنز کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی کامیابی دلانے میں ناکافی ثابت ہوئے اور مہمان ٹیم نے اپنی کپتان ہیلی میتھیوز کی ایک اور عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
ہیلی میتھیوز نے 68 رنز بنانے کے بعد دو اہم وکٹیں بھی حاصل کرڈالیں اور اس کارکردگی پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
اسطرح ویسٹ انڈیز ویمنز نے پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 133 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر130 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی ۔
ایک مرحلے پر پاکستان ویمنز کی کامیابی یقینی نظر آرہی تھی لیکن مہمان ٹیم نے حواس پر قابو پاتے ہوئے میچ کو اپنے حق میں کرلیا۔
سدرہ امین اور عائشہ ظفر نے پاکستان ویمنز کو 64 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ عائشہ ظفر 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ منیبہ علی نے 12 رنز اسکور کیے۔ سدرہ امین اور کپتان ندا ڈار تیسری وکٹ کی شراکت میں 28 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں۔ندا ڈار تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوگئیں۔
سدرہ امین اور فاطمہ ثنا کو ہیلی میتھیوز نے لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔اس وقت پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 14 رنز درکار تھے ۔پاکستان ویمنز کی آخری 6 وکٹیں اسکور میں صرف 15رنز کا اضافہ کرپائیں۔ ہیلی میتھیوز اور ایفی فلیچر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیزویمنز نے پانچ وکٹوں پر 130 رنز بنائے۔ہیلی میتھیوز نے اس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دوسری نصف سنچری اسکور کی ۔ اس سے قبل انہوں نے ون ڈے سیریز میں دو شاندار سنچریاں بنائی تھیں۔
ویسٹ انڈیز ویمنز کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گرگئی تھی جب فاطمہ ثنا نے رشادا ولیمز کو ایک رن کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا لیکن اس کے بعد ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز کا اضافہ کردیا۔
ہیلی میتھیوز 10 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بناکر طوبیٰ حسن کی گیند پر ندا ڈار کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
شیمین کیمبل 31 رنز بناکر ندا ڈار کی گیند پر نجیہہ علوی کے ہاتھوں کیچ ہوئیں۔
پاکستان ویمنز کی طرف سے فاطمہ ثنا نے 22 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور۔
ویسٹ انڈیز ویمنز 132 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ہیلی میتھیوز 68۔ شیمین کیمبل31 ۔فاطمہ ثنا 22 / 2 وکٹ ۔
پاکستان ویمنز 130 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) سدرہ امین 63 ۔ ایفی فیلچر 20 / 2 وکٹ ۔ ہیلی میتھیوز 22 / 2 وکٹ۔
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز نے 2 رنز سے جیتا۔