نیویارک۔کرک اگین رپورٹ
ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کی آخر کار پہلی جیت،رضوان ہیرو،سپر 8 کی مبہم امیدوں میں روشنی۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی پہلی جیت حاصل کرلی ہے۔ناسائو اسٹیڈیم نیویارک میں گروپ اے کے میچ میں اس نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
پاکستان نے 107 رنزکا ہدف17.3 اوورز میں 3 وکٹ پر مکمل کیا ہے۔ اس میچ میں پھر سے صائم ایوب کی اوپننگ کا تجربہ کیا گیا جو کہ اعظم خان کی جگہ لائے گئے لیکن وہ12 بالز کھیل کر صرف 6 رنزبناگئے۔بابر اعظم تیسرے نمبر پر آئے اور رضوان کے ساتھ مل کر اننگ آگے بڑھائی۔دونوں 12 اوورز میں اسکور 1 وکٹ پر 68 تک لے گئے۔دونوں نے 53 بالز پر ففٹی شراکت مکمل کی۔پاکستان کو آخری 36 بالز پر 26 رنزدرکار تھے۔83 کے اسکور پر بابر اعظم عین گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی بال کے ساتھ غلط چھیڑ چھاڑ پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے،انہوں نے33 بالز پر 33 رنزبنائے۔رضوان کے ساتھ دوسری وکٹ پر 63 رنزکی شراکت بنائی۔15 اوورز میں پاکستان نے2 وکٹ پر 85 رنزبنائے۔پاکستان نے 16.5 اوورز میں سنچری مکمل کی۔پاکستان کے لئے محمد رضوان نے ایک اور ہاف سنچری مکمل کی،انہوں نے 52 رنز52 بالز پر بنائے۔پاکستان اس وقت جیت سے 4 رنزکی دوری پر تھا۔فخرزمان 3 رنز قبل 6 بالز پر 4 رنزبناکر کیچ دے گئے۔پاکستان 15 بالز قبل جیت گیا۔رضوان53 بالز پر 53 رنزکے ساتھ ناٹ آئوٹ آئے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی،جس نے 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 106 رنزبنائے،اننگ کی اہم بات اوپنرایرون جانسن کی ففٹی تھی۔وہ 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 بالز پر شاندار 52 رنزبناگئے۔اس کے ساتھ مزید کوئی نہ کھیل سکا۔وقفہ وقفہ سے گرنے والی وکٹوں نے کام تمام کیا۔کپتان سعد بن ظفر کے 10 رنز کے ساتھ اہم بات یہ تھی کہ کلیم ثنا کے 13 رنزجہاں دوسرا بڑا انفردای اسکور تھا،وہاں اننگ میں مشترکہ طور پر13 فاضل رنز دوسرا ہائی اننگ اسکور تھا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے شاندار بائولنگ کی اور 4 اوورز میں صرف 13 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں،اسی طرح حارث رئوف نے 26 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں،اس دوران انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کی۔وہ تیز ترین وکٹ سنچری مکمل کرنے والے بائولر بنے۔نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔