| | | | |

دوسرا ٹیسٹ ،پی سی بی نے طلبا کو اسٹیڈیم بلالیا

 

راولپنڈی 27 اگست ۔پی سی بی میڈیا ریلیز

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے طلباء کے لیے مفت داخلے کا اعلان کیا ہے۔

اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے طلبہ کو یونیفارم میں ہونا چاہیے اور اپنے تعلیمی اداروں کے کارڈز ساتھ لانے کی ضرورت ہے۔ وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز عمران خان اور جاوید میانداد (سیٹ کی دستیابی سے مشروط) اور پریمیم انکلوژرز- میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات- سے میچ دیکھ سکیں گے۔

یہ فیصلہ طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اتوار کو ختم ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی ہے۔

طلباء کے لیے مفت داخلے کی پالیسی کا اطلاق پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس میں نہیں ہوگا۔

اس سے قبل پی سی بی نے راولپنڈی کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے اور پانچویں دن شائقین کے لیے مفت انٹری کا اعلان کیا تھا۔

دریں اثنا شائقین دوسرے ٹیسٹ کے لیے PCB.tcs.com.pk پر آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں یا ایوی ایشن گراؤنڈ میں واقع فزیکل ٹکٹ بوتھ سے، ریسکیو 1122، راول روڈ کے سامنے اور مخصوص ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے بھی خرید سکتے ہیں۔

پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 200 روپے میں دستیاب ہوں گے، جبکہ وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت عام دنوں میں پانچ سو اور ویک اینڈ پر چھ سو روپے ہوگی۔

گیلری پاس، جس میں دوپہر کا کھانا اور چائے شامل ہے، کی قیمت 2800 روپے ہے پلاٹینم باکس، جس میں دوپہر کا کھانا اور چائے بھی شامل ہے، 12,500 روپے میں دستیاب ہے۔ ایک مکمل ہاسپٹلیٹی باکس دو لاکھ روپے میں ریزرو کیا جا سکتا ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح شائقین کی راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم تک رسائی میں آسانی کے لیے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلتی رہے گی۔ روٹ 1 ایوی ایشن گراؤنڈ، راول روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ 2 گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *