لاہور 16 اگست ،کرک اگین رپورٹ،پی سی بی میڈیا ریلیز
رمیز راجہ آئوٹ،بنگلہ دیش سیریز کے کمنٹیٹرزکا اعلان،نشریاتی حقوق اے آر وائی لے گیا۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اے آر وائی اور ٹاور اسپورٹس کے کنسورشیم کو پاکستان ریجن کے لیےاگست 2024 سے دسمبر 2026 تک تمام ہوم انٹرنیشنل سیریز کے نشریاتی حقوق دے دیے گئے ہیں۔یہ نشریاتی حقوق شفاف ٹینڈر کے عمل کے بعد دیئے گئے ہیں۔یہ نشریاتی حقوق پچھلے دو سال کے مقابلے میں دوگنی قیمت پر دیے گئے ہیں۔
پاکستان ان 28 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 11 ٹیسٹ 26 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا جن میں ۔2024-25 سیزن کے 7 ٹیسٹ میچز بھی شامل ہیں۔ موجودہ اور اگلے سیزن میں دو سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی شامل ہیں۔
اے آر وائی کمیونیکیشنز کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ یہ ہمارا عزم ہے کہ کھیلوں کے بہترین ایونٹس کو چاہے وہ مقامی ہوں یا بین الاقوامی انہیں آپ کی سکرین پر لایا جانا چاہیے لہذا اب آپ اے اسپورٹس پر چند انتہائی دلچسپ کرکٹ دیکھ سکیں گے ۔ ہم اس بارے میں مثبت سوچ رکھتے ہیں کہ اس سے ہمارے ملک میں کھیلوں کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ہم پی سی بی کے ساتھ براڈکاسٹ پارٹنر بننے پر ُپرجوش ہیں۔ آئندہ بین الاقوامی میچز کا کیلنڈر بہت پرجوش ہے اور یہ پاکستانی شائقین کو ایکشن سے بھرپور اگلے دو برسوں کے دوران کرکٹ کے زبردست مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے اور یہ بہت سے ممالک کے میزبان کے طور پر پاکستان کے مثبت امیج کو بھی کرکٹ کمیونٹی میں اجاگر کرتی ہے۔سلمان نصیر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ اے آر وائی اور ٹاور اسپورٹس کے کنسورشیم کو پاکستان ریجن کے نشریاتی حقوق کا دیا جانا پاکستانی شائقین کے لیے خوشی کی بات ہے کیوں کہ ہم اگلے دو برسوں میں دنیا کی ٹاپ کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرنے والے ہیں۔ ہم اے آر وائی اور ٹاور اسپورٹس دونوں کے ساتھ اپنی شراکت کو سراہتے ہیں اور ان کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کردیا ہے۔پہلا ٹیسٹ 21 سے 25اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3ستمبر تک ہوگا۔کمنٹری پینل میں عامر سہیل ۔ اطہرعلی خان۔ بازید خان نک کامپٹن اور عروج ممتاز شامل ہیں جبکہ سکندربخت پریزینٹر ہونگے۔