لاہور،کرک اگین رپورٹ
پی سی بی کا بڑا ایکشن،ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں ناکام رہنے اور ٹرافی اٹھانے میں کامیاب نہ ہونے والوں کے خلاف کسی ایکشن کی بجائے سابق کرکٹ تجزیہ کاروں کے خلاف قانونی ایکشن لے لیا ہے اور مزید کے خلاف بھی تیاری ہے۔
پاکستان کے چھوڑے گئے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے میڈیا پر مبینہ طور پر ہتک آمیز اور جارحانہ تبصرے کرنے پر قانونی نوٹس بھیجا ہے۔
سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ انہیں بورڈ کے لیگل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک نوٹس موصول ہوا، جو چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے بھیجا کیا گیا۔
اکمل کا کہنا تھا کہ مجھے بالکل نہیں معلوم کہ انہوں نے کیا الزامات عائد کیے ہیں لیکن بظاہر قانونی نوٹس اس لیے بھیجا گیا ہے کیونکہ چیئرمین کو لگتا ہے کہ کامران نے ان کے بارے میں میڈیا پر ہتک آمیز، جھوٹے اور جارحانہ تبصرے کیے ہیں۔
کرکٹ بورڈ کے ایک ذریعے نے واضح کیا ہےکہ کچھ اور سابق کھلاڑیوں کو مزید قانونی نوٹس بھیجا جا سکتا ہے جن کے اپنے یوٹیوب چینل ہیں اور وہ اپنے تبصروں کے لیے میڈیا پر باقاعدگی سے نظر آتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے کچھ واضح طور پر ٹیم، انتظامیہ، بورڈ اور چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے لائن کراس کرتے ہیں اور رمیز نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اب کسی صورت پاکستان کرکٹ کو گرانے یا بدنام کرنے کو برداشت نہیں کریں گے۔