راولپنڈی۔کرک اگین رپورٹ۔دوسرا ٹیسٹ،جنوبی افریقا کا دوسرے روز پلٹ کر وار،میچ دلچسپ ہوگیا۔کرکٹ کی بریکنگ نیوز یہ ہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز زبردست فائٹ بیک کر کے میچ دلچسپ بنادیا ہے۔پاکستان کے بنائے گئے 333 رنز کے جواب میں آدھے سے زیادہ 185 سکور بنالئے ہیں اور6 وکٹیں باقی ہیں۔ڈی زورزی کی ہاف سنچری شاندار تھی۔ٹرسٹن سٹوبس بہترین اننگ کھیلتے دکھائی دیئے۔جنوبی افریقا نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹ پر185 رنزبنالئے ہیں اور اسے پہلی اننگ کا خسارہ دور کرنے کیلئے مزید 148 رنزکی ضرورت ہے۔
جنوبی افریقا کی اننگ کا آغاز اگرچہ پراعتماد تھا لیکن پاکستان نے 22 کے سکور پر پہلی کامیابی حاصل کرلی جب ریان رکلٹن 14 رنزبناکر شاہین آفریدی کی بال پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔54 کے سکور پر تو بڑی وکٹ ساجد خان کے حصہ میں آئی جب پروٹیز کپتان ایڈن مارکرم 32 رنزبناکر سعود شکیل کو کیچ دے گئے۔ٹونی ڈی زورزی اور ٹرسٹن سٹوبس نے تیسری وکٹ پر جم کر بیٹنگ کی اور پاکستانی سپنرز کو بے اثر کردیا۔سپن پچ پر انہوں نے گاہت بگاہے لمبی ہٹنگ کی ،جس سے جنوبی افریقا کو چھکوں اور چوکوں کی مدد سے بائونڈریز ملیں۔دونوں نے 21 ویں اوور سے 58 ویں اوور تک بیٹنگ کی اور ٹیم کیلئے تیسری وکٹ پر113 رنزکی قیمتی شراکت بنائی۔یہاں ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی نے پاکستان کو اہم اور اپنے لئے پہلی وکٹ لی جب انہوں ٹونی ڈی زورزی کو کلیئر ایل بی کیا۔امپائر نے ناٹ آئوٹ قرار دیا۔ریویو پر بیٹر کلیئر آئوٹ تھے۔انہوں نے93 بالز پر 55 رنزکی اننگ کھیلی۔2 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔پاکستان کو اگلی کامیابی بھی جلد مل گئی جب ڈیولڈ بریس صفر پر آصف آفریدی کا شکار بنے،سلمان آغا نے شاندار کیچ لیا۔اس کے بعد پاکستان کو کوئی وکٹ نہ ملی۔جنوبی افریقا نے دن کا اختتام 4 وکٹ پر 185 رنز کے ساتھ کیا۔پاکستان کا سکور پورا کرنے کے لئے مزید 148 رنز درکار ہیں۔سٹوبس 68 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے 2،ساجد خان اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل کھیل کا دوسرا روز پاکستان نے 259 رنز 5 وکٹ سے شروع کیا تو سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے اعتماد کے ساتھ سکور آگے بڑھایا۔پاکستان کیلئے 300 رنز مکمل کئے لیکن پاکستان نے پھر17 رنزمیں 5 وکٹیں گنوادیں،333 پر آئوٹ ہوگیا،مہاراج کی 7 وکٹیں بریکنگ نیوز بن گئیں۔ پاکستانی بیٹرز کیشو مہاراج کے آگے بے بس ہوگئے۔سپنر نے راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستان کے 7 کھلاڑی آئوٹ کئے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم 259 رنز 5 وکٹ سے 333 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔پاکستان کی آخری 5 وکٹیں سکور میں 17 رنزکا اضافہ کرکے گریں۔کیونکہ چھٹی وکٹ 316 پر گری تھی جب سلمان علی آغا 45 کرکے گئے۔ اگلی وکٹ سعود شکیل کی تھی جو 66 کرکے پویلین لوٹے۔باقی کوئی نہ کھیل سکا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سپنر کیشو مہاراج نے42.4 اوورز میں 102 رنز دے کر 7 وکٹیں لیں۔پہلے روز شان مسعود کے 87 اور عبداللہ شفیق کے 66 رنز اہم تھے۔
