لاہور3 اکتوبر ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج تصدیق کی ہے کہ ٹرانس گروپ اور اے آر وائی کے کنسورشیم کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بین الاقوامی نشریاتی حقوق شفاف ٹینڈر کے عمل کے بعد دیے گئے ہیں۔انگلینڈ میں سکائی سپورٹس نشر کرے گا۔کمنٹری پینل بھی فائنل ہوگیا۔کرک اگین نے 3 روز قبل یہی نیوز فائنل کی تھی ۔
پاکستان سیریز ،انگلینڈ میں نشریاتی معاہدہ آخر کار طے،کمنٹری پینل فائنل
پی سی بی نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کی بھی تصدیق کردی ہے ۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ڈیوڈ گاور ، مائیکل ایتھرٹن اور ناصر حسین اس سیریز کے براڈکاسٹر کے طور پر ایک بار پھر پاکستان آئیں گے ۔ وہ اس سے قبل دسمبر 2022 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے تین ٹیسٹ میچوں کی کوریج کر چکے ہیں۔ پاکستانی کمنٹیٹرز میں سابق کپتان عامر سہیل اور رمیز راجہ، ٹیسٹ کرکٹر بازید خان اور پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز شامل ہیں۔ زینب عباس سیریز کی پریزینٹر کے فرائض انجام دیں گی۔
تینوں ٹیسٹ میچوں کو 28 مکمل ہائی ڈیفینیشن کیمروں کے ذریعے پوری دنیا میں دکھایا جائے گا، بشمول بگی کیم، ڈرون کیم اور مکمل ہاک آئی ریویو سسٹم۔
اس سیریز میں پی سی بی کے پچ سائیڈ اسٹوڈیو کی بھی واپسی ہوگی جس کی میزبانی پریزینٹر زینب عباس کریں گی ناظرین میچ سے پہلے اور بعد میں یہ شوز دیکھ سکیں گے۔
یہ سیریز پاکستان ریجن میں اے اسپورٹس ۔ ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر لائیو نشر کی جائے گی جبکہ تماشا پر لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ بی بی سی اسپورٹ (برطانیہ) سیریز کے لیے ریڈیو پارٹنر ہوں گے۔ برطانوی ریجن کے لیے اسکائی اسپورٹس سیریز کو نشر کرے گا جبکہ باقی علاقوں کی نشریاتی تفصیلات کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔