پالی کیلے،کرک اگین رپورٹ
سری لنکن بیٹر کی پہلی ڈبل سنچری،افغانستان کے 2 بیٹرزکی بھی تاریخی چھترول۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پتھم نسانکا ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے سری لنکن بلے باز بن گئے ہیں لیکن ان کی ٹیم کو کینڈی میں افغانستان کے خلاف 42 رنز کی فتح کیلئے سخت محنت کرنا پڑی۔جمعہ کو نسانکا کے ناقابل شکست 210 رنزتھے، 139 گیندوں پر 20 چوکے اور آٹھ چھکے اس کے ساتھ تھے، انہوں نے بھارت کے خلاف 2000 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں سری لنکا کے لیے سنتھ جے سوریا کے طویل ترین انفرادی اسکور 189 رنز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
کسی بھی ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں یہی بات کافی ہوتی ہے کہ ڈبل سنچری بن گئی،اوپر سے سری لنکا نے 3 وکٹ پر 381 اسکور بناڈالے لیکن افغانستان نے بھی اس کے بعد بہت کچھ رقم کردیا۔افغانستان کی بیٹنگ لائن اپ ایک مضبوط تعاقب میں دباؤ میں تاش کے ڈھیر کی طرح منہدم ہوگئی۔ وہ 8.3 اوورز میں 55 پر5 وکٹ سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی نے اس موڑ پر ہاتھ ملایا اور جنگی جنون کے ساتھ سکرپٹ لکھ ڈالا۔افغانستان کے آل راؤنڈرز عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی نے سری لنکا کے خلاف 382 کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کمال کردیا۔عمرزئی ایک اور شاندار کارکردگی سے سب کو متاثر کرگئے۔ انہوں نے 115 بالز پر 149 ناقابل شکست رنز بنائے اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔محمد نبی 46ویں اوور میں 136 (130) پر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان بالآخر 42 رنز کی کمی سے ہارگیا۔پچاس اوورز میں6 وکٹ پر 339 رنزبناگئے۔