عمران عثمانی کی رپورٹ
وہ ہوگیا جو کبھی نہ تھا،نیوزی لینڈ قریب صدی بعد جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیت گیا،2 اسباب بن گئے۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ نیوزی لینڈ کرکٹ تاریخ میں ایک ورق کا اضافہ ہوا۔قریب ایک صدی بعد نیوزی لینڈ نے وہ کردیا جو شاید ان کی کرکٹ تاریخ میں ممکنات میں نہیں لکھا گیا تھا۔تاریخ شروع ہوتی ہے 1932 سے اور دیکھیں یہ وقت آگیا۔2024 کے شروع کا وقت۔92 سال کا عرصہ ہے۔قریب ایک صدی۔92 سال بعد نیوزی لینڈ ٹیم تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوسکی ہے اور یہ ہسٹری کی پہلی ٹیسٹ سیریز فتح ہے۔18 ویں باہمی ٹیسٹ سیریز میں جاکر بلیک کیپس کو فتح ملی۔
اتنے طویل اور لمبے انتظار کے بعد اس پکے پھل کے 2 اسباب ہیں۔پہلا سبب کیوی کپتان کین ولیمسن کی فاتحانہ سنچری اور دوسرا سبب جنوبی افریقا کے سینئرز کا ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ کر ڈومیسٹک ٹی 20 لیگز کو اہمیت دینا۔ان 2 وجوہات کے سبب نیوزی لینڈ نے آج جمعہ 16 فروری 2024 کو ہیلملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے اختتامی لمحات میں 7 وکٹ کی باوقار جیت اپنے نام کی اور 2 میچزکی ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
نیوزی لینڈ نے ہملٹن کی تاریخ کا ریکارڈ ٹیسٹ ہدف 267 رنز 3 وکٹ پر عبور کرلیا۔کیوی کپتان کین ولیمسن 133 اور ولینگ 60 رنزپر ناقابل شکست لوٹےچوتھی وکٹ پر 152 رنزکی ناقابل شکست شراکت بھی بنائی ہے۔۔پروٹیز بیڑی فلاپ ہوگئی۔انہوں نے اپنے بیٹرز کے پہلی اننگ میں بنائے گئے 242 رنزکا تو کامیاب دفاع کیا تھا ،جب کیویز کو صرف 211 پر آئوٹ کیا اور 31 رنزکی سبقت لی لیکن پروٹیز بیٹرز دوسری اننگ میں 235 رنزبناسکے تو کیویز کو 267 رنزکا ہدف ملا۔پروٹیز ٹیم اپنی ٹیسٹ ہسٹری،پہلی اننگ کی پرفارمنس اور کیویز پر سبقت کے ساتھ ہملٹن کے ٹیسٹ ریکارڈ سے مطمئن تھے لیکن ان سب پر کین ولیسمن نے پانی پھیردیا اور نئی تاریخ رقم کی۔اس سے قبل ہملٹن میں بڑے سے بڑا ہدف 212 رنزکا عبور کیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کی پہلی ٹیسٹ سیریز 1932 میں ہوئی،جنوبی افریقا جیت گیا۔ہسٹری کی اس سے قبل کی آخری سیریز 2022 میں ہوئی جو ڈرا رہی ۔نیوزی لینڈ نے مجموعی طور پر اب تک کی 18 ویں ٹیسٹ سیریز میں پہلی ٹیسٹ ٹرافی جیتی ہے۔17 سیریز میں سے 3 سیریز ڈرا ہوئی تھیں اور 14 میں جنوبی افریقا کامیاب رہا تھا۔