ڈارون 18 اگست ۔پی سی بی میڈیا ریلیز
آسٹریلیا میں پاکستان شاہینز سیمی فائنل کس سے اور کیوں ہارا
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کو 30 رنز سے شکست دے دی ۔ اس میچ کی خاص بات جیک ونٹر کی جارحانہ سنچری تھی جنہوں نے 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے104 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان شاہینز کو ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں این ٹی اسٹرائیک کے خلاف 46 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اتوار کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر ایڈیلیڈ اسٹرائیکر کو بیٹنگ کی جس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز اسکور کیے۔
جواب میں پاکستان شاہینز نے18.1 اوورز میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی 3 وکٹیں 57 رنز پر گرگئی تھیں جس کے بعد جیک ونٹر اور ہیری میننٹی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 73 رنز کا اضافہ کیا۔
جیک ونٹر جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے شاہینز کی بولنگ پر چھائے رہے ۔ انہوں نے6 چوکوں اور8 چھکوں کی مدد سے 104 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے فیصل اکرم کے ایک ہی اوور میں5 چھکے مارے ۔
ہیری میننٹی نے 52 رنز بنائے جس میں9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
عباس آفریدی نے تین اور فیصل اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے پانچویں اوور تک اس کی 4 وکٹیں صرف 33 رنز پر گرگئی تھیں جن میں سے صرف کپتان محمد حارث ہی 19 رنز کے ساتھ ڈبل فگرز میں آسکے تھے۔ بعد میں آنے والے بیٹرز میں عثمان خان 32 اور مبصرخان 18 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے ۔
عباس آفریدی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے3 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے عارف یعقوب کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کیا لیکن یہ کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں۔
فاتح ٹیم کی طرف سے لیئم اسکاٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر اسکور۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز 197 رنز 5 کھلاڑی ( 20 اوورز ) جیک ونٹر 104۔ہیری میننٹی 52 ۔ عباس آفریدی 51 / 3 وکٹ۔ فیصل اکرم 58 / 2 وکٹ۔
پاکستان شاہینز 167 رنز ( 18.1 اوورز ) عباس آفریدی 54 ۔ لیئم اسکاٹ 44 / 3 وکٹ ۔
نتیجہ ۔ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے 30 رنز سے جیتا۔