| | | | |

ویمنز کرکٹ سیریز،پاکستان اور جنوبی افریقا کل ملتان میں مدمقابل

ملتان 15 ستمبر۔پی سی بی میڈیا ریلیز

ویمنز کرکٹ سیریز،پاکستان اور جنوبی افریقا کل ملتان میں مدمقابل۔فاطمہ ثنا کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم لورا وولوارٹ کی جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کے خلاف کل سے بینک الفلاح ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مدمقابل ہونے والی ہے جس کے تینوں میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 18 اور 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ پہلے اور دوسرے میچ کا آغاز شام سات بجے ہوگا۔ تیسرا میچ صبح دس بجے شروع ہو گا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ خوبصورت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی سیریز اور خواتین کی بین الاقوامی سیریز کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل یہ اسٹیڈیم گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل اور چھ ٹیسٹ میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔

تینوں میچز دونوں ٹیموں کو اگلے ماہ یو اے ای میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار ہونے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گزشتہ ایڈیشن میں رنر اپ رہنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم دو برسوں میں دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ اپنے آخری دورے کے دوران جنوبی افریقہ نے وائٹ بال کی سیریز کھیلی تھی جس میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گئے تھے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ تھے پاکستان نے کراچی میں ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کیا تھا۔

شائقین کو گراؤنڈ میں آنے کی ترغیب دینے کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔ تماشائیوں کو اسٹیڈیم کے اندر جانے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔

پاکستان میں شائقین اے اسپورٹس پر ہائی ڈیفینیشن میں میچز دیکھ سکیں گے۔ پاکستان بھر کے ناظرین کے لیے لائیو اسٹریمنگ پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہوگی۔

سیریز کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم 21 ستمبر کو یو اے ای کے لیے روانہ ہوگی جبکہ پاکستان ٹیم 23 ستمبر کو روانہ ہوگی۔
پاکستان آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو بنگلہ دیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف 28 اور 30 ستمبر کو وارم اپ میچوں کے بعد پاکستان کا مقابلہ 3 اکتوبر کو شارجہ میں سری لنکا سے ہوگا، اس کے بعد 6 اکتوبر کو دبئی میں بھارت، 11 اکتوبر کو آسٹریلیا اور 14 کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔

فاطمہ ثناء نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ٹریننگ میں سخت محنت کر رہی ہیں، اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ہمارے لیے اگلے ماہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے خود کو اچھی طرح سے تیار کرنے کا بہترین موقع ہے۔ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کے خلاف کھیلنا ہمیں دباؤ کے حالات میں اپنے کھیل کا اندازہ لگانے میں مدد دے گا۔ ہم خوبصورت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، خاص طور پر جب یہ اسٹیڈیم اپنی پہلی بین الاقوامی خواتین کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان میں شائقین کی حمایت ہمیشہ ہی ناقابل یقین ہوتی ہے اور اسٹیڈیم میں مفت انٹری کے ساتھ یہ لوگوں کے لیے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرنے کا اچھا موقع ہے۔

سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ
فاطمہ ثنا (کپتان) عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبٰی حسن اور ام ہانی۔

پلیئر سپورٹ اسٹاف۔
حنا منور (منیجر) محمد وسیم (ہیڈ کوچ) جنید خان (اسسٹنٹ کوچ / بولنگ)، حنیف ملک (اسسٹنٹ کوچ / فیلڈنگ)، عبدالرحمن (اسپن بولنگ کوچ) عمران خلیل (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، فرحان نواز (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر) رابعہ صدیق (فزیو تھراپسٹ) اور ولید احمد (انالسٹ )۔

میچوں کا شیڈول
ستمبر16 ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم (شام 7 بجے شروع )
ستمبر18 – دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم (شام 7 بجے شروع )
ستمبر20 – تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ( صبح 10 بجے شروع )

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *