دبئی 14 اکتوبر۔ ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ،پاکستان اپنے ساتھ بھارت کو بھی سیمی فائنل ریس سے باہر کرگیا۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پی سی بی میڈیا ریلیز۔آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 54 رنز سے شکست دیدی۔اس جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ نے گروپ اے سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔پاکستان کی ایسی شکست سے بھارت بھی سیمی فائنل سے آئوٹ ہوا۔
پیر کے روز دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر110 رنز بنائے۔پاکستان ٹیم جواب میں صرف56 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اس کا سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے قبل اس کا سب سے کم اسکور 60 رنز تھا جو اس نے2009 میں انگلینڈ کے خلاف ٹانٹن میں بنایا تھا۔
پاکستان ٹیم میں کپتان فاطمہ ثنا کی واپسی ہوئی جو والد کے انتقال کے سبب آسٹریلیا کے خلاف میچ نہیں کھیل پائی تھیں۔نیوزی لینڈ کی دونوں اوپنرز سوزی بیٹس ( 28 ) اور جارجیا پلیمر ( 17 ) کو نشرہ سندھو نے آؤٹ کیا تو مجموعی اسکور نویں اوور میں 50 رنز تھا۔صرف 8 رنز کے اضافے پر عمیمہ سہیل نے ایمیلیا کر( 9 ) کی وکٹ حاصل کرلی۔بروک ہیلیڈے 22 اور کپتان سوفی ڈیوائن 19 رنزبناکر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستانی اسپنرز کی عمدہ بولنگ نے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور کا موقع نہیں دیا۔نشرہ سندھو تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہیں۔کپتان فاطمہ ثنا نے فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے چار کیچز لیے ۔یہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیرہواں موقع ہے کہ کسی فیلڈر نے میچ میں چار کیچز کیے ہیں۔ فاطمہ ثنا اس فہرست میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی کرکٹر ہیں۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ،بھارت آج اپنے زخموں پر مرہم رکھے گا یا پاکستان مزید کھرچے گا
پاکستان کی اننگز کا آغاز منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے کیا لیکن عالیہ ریاض صفر اور منیبہ علی 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ صدف شمس 2 اور ارم جاوید 3 رنز بناکر ایک ہی اوور میں آؤٹ ہوگئیں اور جب سدرہ امین پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی اسکور چھٹے اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 28 رنز تھا جو بڑھتے بڑھتے 7 وکٹوں کے نقصان پر55 رنز ہوگیا۔اس دوران ندا ڈار9 اور عمیمہ سہیل 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ کپتان فاطمہ ثنا کی مزاحمت ناکافی ثابت ہوئی۔ انہوں نے دو چوکوں کی مدد سے21 رنز بنائے۔
مختصر اسکور۔
نیوزی لینڈ ویمنز 110 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) سوزی بیٹس 28 نشرہ سندھو 18 / 3 وکٹ
پاکستانن ویمنز 56 رنز ( 11.4 اوورز ) فاطمہ ثنا21 ۔ایمیلیا کر 14 / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔نیوزی لینڈ ویمنز نے 54 رنز سے جیتا
ویمنز تی 20 ورلڈکپ،آسٹریلیا سے شکست کے بعد بھارت کو پاکستان کی مدد کی ضرورت پڑگئی