ایمسٹلوین،کرک اگین رپورٹ
ایسا لگا کہ انگلینڈ نے جب نیدرلینڈ کے خلاف اننگ شروع کی تو اسے اپنی پڑے گی،اس لئے کہ اوپنر جیسن رائے صرف 1 رن بناکر سنیٹر کی بال پر ایسے بولڈ ہوئے کہ دنیا دنگ رہ گئی،اس کے بعد انگلش بیٹرز نے بھی سانس نہیں لیا،جواب لاٹھی چارج میں وہ اودھم مچایا کہ ہالینڈر کے بائولرز کی آنکھیں ہی متاثر ہوگئیں،ایسے چھکے پڑے کہ بال درختوں کے پتوں میں تلاش کرتے نیدر لینڈ کے فیلڈرز مذاق بنے،یہ بھی لگا کہ انگلینڈ آج کسی نہ کسی طرح ایک روزہ کرکٹ کے بڑے مجموعہ کا اپنا ہی ریکارڈ بہتر کرے گا،پہلی بار500 کے مجموعہ کو چھونے کی کوشش کرے گا۔
دوسرے اوپنر فل سالٹ نے 93 بالز پر 122 رنزکی اننگ کھیلی۔3 چھکے،14 چوکے ساتھ تھے،یہ ان کی پہلی ایک روزہ سنچری تھی۔
اگلے بیٹرڈیوڈ میلان نے 109 بالز پر125 رنز سمیٹے،انہوں نے3 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔یہاں ان کے ساتھ اور بھی خوب برس رہے تھے لیکن انگلش کپتان اوئن مورگن بھی کسی سائے کے زیر اثر آگئے ہیں،انہیں بھی پھونکوں کی ضرورت پڑگئی ہے۔کیریئر کے اختتامی لمحات میں ورلڈ چیمپئن کپتان بد ترین فارم میں ہیں،رنز کے برستے سیلاب میں وہ پہلی ہی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ،پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا
جوس بٹلر کے ساتھ لیام لونگسٹن آملے،لاٹھی چارج ڈبل ہوگیا۔ڈچ پلیئرز بھی سوچتے ہونگے کہ کون سا ون ڈے میچ کھیلنے آگئے ہیں۔جوس بٹلر نے تو 47 بالز پر سنچری مکمل کی۔
انگلینڈ 48 اوورز میں 470 رنزبناچکا تھا۔12 بالز پر 30 رنزممکن تھے لیکن اگلے اوور میں کم رنز بنے،پھر بھی 50 ویں اوور میں انگلینڈ نے اپنا سابقہ ورلڈ ریکارڈ481 اسکور 6 وکٹ پر توڑ ڈالا۔یہ ناٹنگھم میں 19 جون 2018 کو بنایا گیا تھا۔
انگلینڈ 2 رنزکی کمی سے 500 کا مجموعہ نہ چھو سکا۔مقررہ 50 اوورز میں4 وکٹ پر 498 اسکور کئے،جوس بٹلر نے صرف 70 بالز پر 162 رنزکی طوفانی اننگ کھیلی،انہوں نے14 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔لیام لونگسٹن نے تو 22 گیندوں پر 66 اسکور لوٹ لئے۔6 چھکے اور 6 چوکے ساتھ تھے۔
پیٹر سیلیر نے 83 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔بوویسمین کو 10 اوورز میں 108 کی مار پڑی۔شان سینٹر کو 10 اوورز میں ایک وکٹ کے لئے 99 اسکور کی مار پڑی۔
انگلینڈ کا ایک روزہ کرکٹ میں 444 اسکور پاکستان کے خلاف 2016 میں ایک روزہ کرکٹ کا بہترین مجموعی ٹوٹل کا ریکارڈ تھا،اس نے 2018 میں اسے بہتر کرکے 481 رنزکیا،اب 2022 میں 498 کردیا ہے،یوں پہلے ٹاپ تھری اسکور اس کے ہوگئے ہیں،ویمنز کرکٹ میں بنایا گیا نیوزی لینڈ کا 491 رنزکا ریکارڈ بھی اب پیچھے ہوگیا ہے۔
جوس بٹلر نے اپنے ملک کے لئے 46 بالز پر سنچری کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔انہوں نے 150 رنز 65 بالز پر مکمل کئے،وہ اے بی ڈی ویلیئرز کے 64 بالز پر بنائے 150 رنزکا ریکارڈ نہ توڑسکے۔پروٹیز بیٹر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ففٹی،سنچری اور 150 کے تیز ترین فیگرز کا ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔ڈیوڈ میلان انگلینڈ کے دوسرے بیٹر بنے،جنہیں تینوں فارمیٹ میں سنچری کا ملکہ حاصل ہوا،اس سےق بل جوس بٹلر یہ کرچکے تھے۔ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انگلینڈ کے 3 بیٹرز نے ایک ہی میچ میں 3 سنچریز کی ہیں۔انگلینڈ کی ایک روزہ تاریخ میں لیام لونگسٹن نے ایک اوور میں 32 رنز چرانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
جوس بٹلر نے شاہد آفریدی کا یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے کہ 50 سے کم بالز پر زیادہ سنچریز کرنا،آفریدی نے ایسا 2 بار کیا تھا،بٹلر3 بار کرچکے ہیں۔
انگلینڈ نے لسٹ اے کرکٹ میں سرے کا 2017 کا بنایا گیا 496 رنزکا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔