لاہور،پی سی بی میڈیا ریلیز
بیٹی کی پیدائش کے بعد بسمہ معروف کی کرکٹ میں واپسی۔بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں شرکت کے لیے دستیابی ظاہر کردی ہے
وہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے کراچی میں شیڈول وارم اپ میچز میں شرکت کریں گی۔
انہوں نے بیٹی کی پیدائش کے باعث دسمبر 2020 میں زچگی کی چھٹی لی تھی۔ان کی بیٹی اگست 2021 میں پیدا ہوئی تھی۔بسمہ معروف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں فٹنس سیشنز اور اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کرچکی ہیں ۔تاہم وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری سے صحتیاب ہوکر جلد ہی اپنے نیٹ سیشنز کا بھی آغاز کردیں گی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان 25 جنوری کو کیا جائے گا
اگر بسمہ معروف گلوبل ایونٹ کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں منتخب ہوجاتی ہیں تو انہیں پی سی بی کی میٹیرنٹی پالیسی کے تحت ایونٹ میں اپنی بیٹی اور اس کی دیکھ بھال کے لیے ایک فرد کو ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کی سلیکشن کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی ممکنہ 36 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔یہ تمام کھلاڑی 10 سے 19 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شیڈول سات میچوں کی سہ فریقی سیریز میں شرکت کریں گی۔
ان 36 کھلاڑیوں کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا
سہ فریقی سیریز میں شامل تیسری ٹیم مقامی لڑکوں پر مشتمل ہوگی۔
ان ممکنہ کھلاڑیوں میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ بلال، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر اور ناہیدہ خان شامل ہیں
بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فریحہ محمود، فاطمہ ثنا خان، غلام فاطمہ (فٹنس سے مشروط)، گل فیروزہ اور ارم جاوید بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں
جویریہ رؤف، جویریہ خان، کائنات حفیظ، کائنات امتیاز (فٹنس سے مشروط)، ماہم طارق، منیبہ علی، نجیہ علوی اور نشرہ سندھو بھی ممکنہ کھلاڑیوں کا حصہ ہیں
نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا نذیر، صدف شمس، سعدیہ اقبال، صائمہ ملک، سدرہ امین، سدرہ نواز، سیدہ عروب شاہ، طوبٰہ حسن اور ام ِہانی بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل۔
اُدھر عروج ممتاز قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کی سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہوگئی ہیں
ان کی جگہ اسماویہ اقبال کو چیئر آف ویمنز سلیکشن کمیٹی مقرر کردیا گیا ہے۔
اس دوران جونیئر سلیکشن کمیٹی کے دو اراکین سلیم جعفر اور توفیق عمر ان کی معاونت کریں گے۔
عروج ممتاز نے یہ عہدہ مارچ 2019 میں سنبھالا تھا
انہوں نے یہ فیصلہ اپنے پروفیشنل کیرئیر کو آگے بڑھانے اور اس کھیل میں دیگر مواقع کے حصول پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا ہے۔