لاہور،کان پور،چٹاگرام:کرک اگین رپورٹ
لیجنڈری کرکٹر انضمام الحق نے بیک وقت دونوں میچز پر تازہ ترین تبصرہ کیا ہے۔آج سے شروع ہونے والے پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان نے کہا ہے کہ امام الحق کی سلیکشن خوش آئند ہے۔اللہ کرے کہ وہ پرفارم کریں۔پاکستان بڑے عرصے کے بعد ٹرننگ ٹریک پر یاسر شاہ کو یاد کرے گا۔گزشتہ 6 سال کی ٹیسٹ فتوحات میں یاسر کاکردار نمایاں رہا ہے۔نعمان علی بھی اچھے ہیں۔پاکستان کی 12 رکنی ٹیم سلیکشن توقعات کے عین مطابق ہے۔
انضمام کہتے ہیں کہ شاداب خان گزشتہ 18 ماہ سے اچھی پرفارم نہیں کررہا تھا۔ورلڈ ٹی 20 میں اچھا کھیلے۔بات یہ ہے کہ ایسے اسپنرکو ٹیسٹ میں بھی کھلایا جائے۔لمبی کرکٹ کھیلنے سے بائولنگ بہتر ہوگی،یہی حال بیٹنگ میں ہوگا۔شاداب جب ٹیسٹ میچ میں 30 اوورز کروائے گا تو اس کی ٹی 20 کی بائولنگ اور نکھر جائے گی۔
فارمیٹ تبدیل،گیند کا رنگ اور،پاکستان کو آج بنگلہ دیش میں ٹیسٹ میچ کا چیلنج
انضمام کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش والے گیلی پچ بنادیتے ہیں،دوسری بات یہ ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم فارغ ہے،اس میں کوئی بھی قابل ذکر نہیں ہے۔میرا پاکستانی ٹیم کے لئے مشورہ ہے کہ اس میں بیٹرز ڈبل سنچری کی جانب جائیں،جب سیٹ ہوجائیں تو پھر لمبی اننگ کی جانب جائیں۔
سابق پاکستانی چیف سلیکٹر انضمام نے اپنے یو ٹیوب چینل پر بھارت اور نیوزی لینڈ ٹیسٹ کے پہلے روزکے کھیل پر بھی تبصرہ کیا ہے۔کہا ہے کہ بھارت اس وقت فارم میں ہے،یہاں میں یہ بتاتا چلوں کہ جس وقت 1983 ورلڈ کپ فائنل میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ہراکر چیمپئن کا ٹائٹل لیا تھا،اس وقت ویسٹ انڈیز کا طوطی بولتا تھا،وہ ورلڈ کپ ہارے تھے،خیر ورلڈ کپ کے فوری بعد ویسٹ انڈیز کا دورہ بھارت تھا،کیریبینز نے بھارت میں جاکر بھارت کو بہت مارا تھا،غصہ نکالا تھا۔اب یہی حال نیوزی لینڈ کا ہورہا ہے۔بھارت نیوزی لینڈ سے ہارنے کے بعد ٹی 20ورلڈ کپ سے باہرہوگیا،اتفاق سے نیوزی لینڈ کا فوری دورہ بھارت ہے اور بھارت نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز ہی 4 وکٹ پر 250 سے زائد اسکور کردیئے ہیں۔
کانپور ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے 4 وکٹ پر 258 اسکور کئے ہیں۔انضمام کہتے ہیں کہ یہ اچھا اسکور ہے،اس میں مزید 100 رنزکا اضافہ بھی کیویز کے لئے بڑی مشکلات کھڑی کردے گا،ان کے لئے کم بیک کرنا مشکل ہوجائے گا۔کیوی بیٹرز کو پھر چوتھی اننگ میں جانا ہے اور اسپنرز کے سامنے ان کا کھڑا ہونا آسان امر نہیں ہوگا،اسلئے کافی مشکلات ہونگی۔